
اُمیدِ بہار رَکھ
جمعرات 27 فروری 2014

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
وہی ہے صاحبِ امروز جِس نے اپنی ہمت سے
زمانے کے سمندر سے نکالا گوہرِ فَردا
خادمِ اعلیٰ کی ارضِ پاکستان کے لیے لگن ، کَسک اور تڑپ کو دیکھ کر جی چاہتا ہے کہ وہ ”طالبانی مسلے“ کو بھی اپنے ہاتھ میں لے لیں ۔ اگر خادمِ اعلیٰ اپنی ”انگشتِ شہادت “ ہلاتے میدان میں کود پڑے تو ہمیں یقین ہے کہ عنقریب طالبان بھی اُن کا دَم بھرتے نظر آئیں گے۔خادمِ اعلیٰ تو جو کہتے ہیں وہ کرگزرتے ہیں لیکن پاکستانی سیاست کے ”سلطان راہی“ جناب الطاف حسین خالی خولی ”بڑھکوں“ سے کام نکالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔اُن کی بڑھکوں کا جنابِ آصف زرداری اور رحمٰن ملک پر تو بہت اثر ہوتا تھا لیکن میاں نواز شریف صاحب اور چوہدری نثار احمد صاحب مسکرا کر ٹال جاتے ہیں۔شاید اسی لیے نواز لیگ سے مایوس الطاف بھائی نے نہ صرف فوج کی طرف رجوع کر لیا ہے بلکہ ”اندرکھاتے“ سندھ حکومت میں شمولیت کے لیے گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔اُنہوں نے کراچی میں ایک دفعہ پھر ”کھڑاک“ کرتے ہوئے فرما یا” طالبان کا جو یار ہے ، وہ ملک کا غدار ہے “۔افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ طالبان کے حامی پاکستان کے دوست نہیں بلکہ منافق ہیں ۔اُن کی ”کڑاکے دار“ تقریر کا نشانہ اب کی بار جماعتِ اسلامی اور تحریکِ انصاف بنی رہی ۔جماعتِ اسلامی کے تو الطاف بھائی ازلی و ابدی دشمن ہیں اور جماعت اُن کے ”گَنڈاسے“ کا نشانہ بنتی ہی رہتی ہے لیکن اب ”نئی نویلی“ تحریکِ انصاف کی بھی خیر نہیں۔گزشتہ دنوں الطاف بھائی نے امیرِ جماعت اسلامی سیّد منّور حسن صاحب کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایااور ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں جماعتِ اسلامی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ۔دَر جوابِ آں غزل ، جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ الطاف حسین نے سیّد منور حسن کی بات کو سیاق و سباق سے الگ کرکے غلط رنگ دینے کی کوشش کی ۔ترجمان نے یہ بھی کہا ” لندن میں بیٹھ کر برطانوی حکومت کو خط
لکھ کر پاکستان کی آئی ایس آئی کو ”نَتھ“ ڈالنے کے لیے تعاون پیش کرنے والے کِس مُنہ سے حب الوطنی کا دعویٰ کر رہے ہیں ۔ ایم کیو ایم دہشت گردی اور بوری بند لاشوں کا کلچر پھیلانے والی جماعت ہے “۔ہم سمجھتے ہیں کہ در اصل الطاف بھائی کو غصّہ” سکاٹ لینڈ یارڈ“ پر ہے جس نے اُن کا جینا حرام کر رکھا ہے لیکن وہ نکال جماعت اسلامی اور تحریکِ انصاف پر رہے ہیں ۔سبھی جانتے ہیں کہ قومی دھارے میں شامل دونوں جماعتیں محب وطن اور آئین کی عملداری پر مکمل یقین رکھتی ہیں البتہ ایم کیو ایم پر بہت سے الزامات لگتے رہے اور لگ رہے ہیں ۔جماعت اسلامی کے طالبانی کمیٹی کے رُکن پروفیسر ابراہیم بار بار یہ کہہ چکے ہیں کہ مذاکرات صرف پاکستانی آئین کے تحت ہی ہو سکتے ہیں اور امیرِ جماعت بھی پاکستانی آئین کے تحت ہی مذاکرات کے حامی ہیں ۔محترم عمران خاں صاحب تو مذاکرات سے تقریباََ توبہ کر ہی چکے ہیں۔ اُنہوں نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ہتھیار اٹھانے والے طالبان کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے البتہ جو مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اُن کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں ۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان کے خلاف آپریشن سے پہلے وہاں پر بسنے والے لاکھوں لوگوں کا مناسب بندوبست ہونا چاہیے ۔خاں صاحب کے اِس بیان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی ذہنی طور پر طالبان کے خلاف آپریشن کے لیے تیار ہیں ۔اُدھر طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد بار بار کہہ رہے ہیں کہ وہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن حکومت امن مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے ۔مذاکرات کی یہ” دُہائی“ کبھی تمام پاکستانی محبِ وطن دینی اور سیاسی جماعتیں دیتی رہیں لیکن طالبان نے ”میں نہ مانوں“ کی رَٹ لگائے رکھی ۔وہ اگر کبھی مذاکرات کے لیے آمادہ بھی ہوئے تو ایسی کڑی شرائط کے ساتھ کہ جنہیں تسلیم کرنا حکومت کے بَس کا روگ نہیں تھا۔ اب جب کہ ”تنگ آمد ، بجنگ آمد“ کے مصداق حکومت نے افواجِ پاکستان کو فری ہینڈ دے دیا ہے تو طالبان مذاکرات کی دہائی دے رہے ہیں ۔اب جبکہ طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے بھی بیزار ہو چکے ہیں تو مجموعی عوامی تاثر بھی طالبان کو یہ پیغام دیتا نظر آتا ہے کہ”اب اُنہں ڈھونڈ ، چراغِ رُخ ِ زیبا لے کر“ ۔ بعد اَز خرابیٴ بسیار ہی سہی لیکن ہم اب بھی یہی سمجھتے ہیں کہ طالبان ہمارے اپنے ہیں ، ہم نے اسی دھرتی پر اکٹھے رہنا ہے اور ہمارا جینا مرنا بھی سانجھا ہے اِس لیے مذاکرات میں ہی عافیت ہے البتہ جس طرح ٹیچر اصلاح کی خاطرکچھ شرارتی بچوں کے کان مروڑ کر اُنہیں سیدھا کرتا ہے اُسی طرح فلاح کی راہ پانے کے لیے ایسے طالبان کو سیدھا کرنا ضروری ہے جو کسی بھی صورت مذاکرات کے لیے تیار نہیں ۔سچ کہہ گئے ہیں سیانے کہ ”لاتوں کے بھوت ، باتوں سے نہیں مانتے“ ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.