
اِس سادگی پہ کون نہ مَر جائے اے خدا !
جمعہ 31 اگست 2018

پروفیسر رفعت مظہر
کپتان نے اپنے خطاب میں سادگی، احتساب اور ریاستِ مدینہ کی تشکیل کا وعدہ کیا۔ سادگی کا یہ عالم کہ کپتان وزیرِاعظم ہاوٴس سے بنی گالہ تک کی 10 منٹ کی مسافت ہیلی کاپٹر پر طے کرتے ہیں جس پر ہا ہا کار مچی ہوئی ہے۔
(جاری ہے)
ایک سادگی ایوانِ صدر میں وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں بھی دیکھنے کو ملی۔ تحریکِ انصاف کی عندلیب عباس نے کہا کہ 2013 میں میاں نوازشریف کی حلف برداری کی تقریب پر 92 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ عمران خاں کی حلف برداری پر صرف 50 ہزار۔ جب عندلیب عباس سے اِس خبر کا ذریعہ پوچھا گیا تو اُس نے ایوانِ صدر کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان کا نام لے دیا۔ ہمارے بال کی کھال اتارنے والے میڈیا رپورٹر بھلا کہاں رکنے والے تھے۔ وہ اِس خبر کی تصدیق کے لیے ڈی ڈی عدنان کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے مگر اِس نام کا کوئی بندہ تو ایوانِ صدر میں کبھی تھاہی نہیں۔ ہو سکتا ہے کہ اب عندلیب عباس کسی ذیشان، رفحان ، ارسلان یا بجرنگی بھائی جان کا نام لے دیں۔ یہ بجا کہ کپتان کی حلف برداری پر 50 ہزار روپے صرف ہوئے لیکن ریکارڈ کی درستی کے لیے عرض ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی حلف برداری پر محض 30 ہزار روپے خرچ آیا، یہاں بھی نوازلیگ بازی لے گئی۔
شاہد خاقان عباسی تو ایک دِن بھی وزیرِاعظم ہاوٴس میں نہیں رہے۔ اُنہوں نے تنخواہ وصول کی نہ حکومتی خرچ پر سفر کیا۔ نوازشریف اپنے اور اپنے خاندان کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے تھے۔ اُن کی تنخواہ حیدرآباد کے ایک سکول کو جاتی تھی۔ میاں شہباز شریف کی تنخواہ ٹی بی ہسپتال کو جاتی اور اُنہوں نے بھی کبھی سرکاری خرچ پر بیرونی دورہ نہیں کیا۔ سادگی اپنانے کے لیے کپتان کو اُن سے ایک قدم آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیرِاعظم ہاوٴس کا معائنہ کرتے ہوئے کپتان نے بطور وزیرِاعظم پہلا حکم جاری کیا کہ نوازشریف دور کے اخراجات سامنے لائے جائیں۔ اُنہیں بتایا گیا کہ میاں نوازشریف تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کر چکے ہیں لیکن کپتان نے یقین نہ کیا۔ سلیم صافی لکھتے ہیں ”جب اُنہیں نوازشریف کی طرف سے سرکاری خزانے میں جمع شدہ چیک دکھائے گئے تو وہ حیرت زدہ اور خاموش ہوگئے“۔ اِسی کالم میں سلیم صافی لکھتے ہیں ”عمران احمد خاں نیازی اپنے لیے مختص بیڈ روم کی طرف گئے تو اُنہیں بیڈ پسند نہ آیا، چنانچہ اُن کی فرمائش پر نیا بیڈ منگوا کر لگا دیا گیا۔ اُسی شام فیصلہ ہوا کہ اگلی رات کو پارٹی اور حامی ممبرانِ اسمبلی کو وزیرِاعظم ہاوٴس میں عشائیہ دیا جائے گا۔ چنانچہ 250 مہمانوں کے لیے سرکاری خزانے سے عشائیے کا اہتمام ہوا اور پھر نو منتخب وزیرِاعظم ہیلی کاپٹر میں وزیرِاعظم ہاوٴس سے بنی گالہ کے لیے روانہ ہوئے جبکہ اگلے روز بھی ہیلی کاپٹر ہی میں وزیرِاعظم ہاوٴس تشریف لائے“۔ جب سے سلیم صافی کا یہ کالم منظر ِ عام پر آیا ہے، تحریکِ انصاف کا ”گالم گلوچ بریگیڈ“ انتہائی متحرک ہو چکا۔ ہم سلیم صافی کو مشورہ دیں گے کہ گالیاں کھا کے بَدمزہ ہونے کی بجائے ”لگے رہو صافی بھائی“ کہ آوازِ سگاں کم نہ کند رزقِ گدارا“۔
ہمارے لال حویلی والے شیخ رشید احمد جو آجکل وزیرِ ریلوے ہیں، اُنہیں بھی سادگی کا شوق چرایا۔ اُنہوں نے ریلوے کے اخراجات میں 15 فیصد کمی کا اعلان کیا اور اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریلوے کے 100 ریسٹ ہاوٴسز نیلام کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ اُن کا یہ حکم نامہ ریلوے حکام نے ماننے سے صاف انکار کر دیا۔ وجہ اُس کی یہ تھی کہ ریلوے کے 11 ریسٹ ہاوٴسز ہیں جن میں کل ملا کر 100 کمرے بھی نہیں۔ اب ہو سکتا ہے کہ شیخ صاحب پہلے 100 ریسٹ ہاوٴسز بنائیں اور پھر اُنہیں نیلام کرنے کا حکم جاری فرمائیں۔ شیخ صاحب کی ”بونگیوں“ سے تنگ آکر میٹنگ میں بیٹھے چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے دو سال کی رخصت مانگ لی۔ اب اُنہیں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
سادگی اختیار کرنے کا ایک اعلیٰ نمونہ اُس وقت سامنے آیا جب (ایک رپورٹ کے مطابق ) وزیرِاطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بتایا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت میں روزانہ 51 ارب روپے کی بچت ہو رہی ہے۔
اِس حساب سے سالانہ بچت 18 ہزار 600 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے جبکہ پاکستان کے سالانہ بجٹ کا تخمینہ لگ بھگ 4 ہزار ارب روپے ہے۔ یہ حساب کرنے کے بعد ہم مطمئن ہو کر گہری نیند سو گئے ۔ اب ہمیں بھی یقین ہو گیا کہ ایک کروڑ کیا، 100 کروڑ نوکریوں کا حصول بھی ممکن ہے، 50 لاکھ کی بجائے 5 کروڑ گھر بھی بن سکتے ہیں، سارے بیرونی قرضے اترنے کے بعد ٹیکس فری بجٹ بھی بن سکتا ہے۔ بابا رحمت ”ایویں “خوامخواہ چندہ اکٹھا کرکے ڈیم بنانے کی تگ ودَو کر رہے ہیں۔ اب تو ہم اِس قابل ہو چکے کہ جتنے جی چاہے، ڈیم بنا لیں۔
یوں تو سادگی اور پروٹوکول نہ لینے کے دعوے بہت لیکن وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سارے دعوے ہوا میں اُڑا دیئے۔ اُن کی حالت تو یہ ہے کہ ”پُکھے جٹ کٹورا لبھا، پانی پی پی آپھریا“۔ وہ اپنی فیملی کے ساتھ اب ہر وقت ہیلی کاپٹڑ میں پائے جاتے ہیں۔ پہلے اپنی فیملی کو سیر کروانے کے لیے پنجاب حکومت کا جہاز استعمال کیا، پھر اپنے دوست کے والد کی تعزیت کے لیے میاں چنّوں جا پہنچے۔ وہاں لگے ہاتھوں سرکاری ہسپتال کامعائنہ بھی کر آئے۔ ہسپتال کے اِس دورے کے دوران ڈاکٹر اُن کے استقبال کے لیے اکٹھے ہوئے اور ایک بچی اِسی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئی۔ میاں چنوں سے پلٹے تو ہیلی کاپٹر پر ہی پاکپتن جا پہنچے۔ ہیلی سے اترنے کے بعد 18 گاڑیوں کے پروٹوکول میں با با فرید شکر گنج کے مزار پر گئے، راستے کی سڑکیں اور دکانیں بند کروا دی گئیں اور زائرین کو مزار پر حاضری سے روک دیا گیا۔ جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شام کو بزدار صاحب ہیلی کاپٹر پر ہی وزیرِاعلی ہاوٴس (7 کلب روڈ) تشریف لے آئے۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں کسی زمانے میں میاں شہباز شریف بطور وزیرِاعلیٰ رہائش پذیر تھے۔ یہ سب کچھ دیکھتے ہوئے یہی کہا جا سکتا ہے کہ اِس سادگی پہ کون نہ مَر جائے اے خدا !
نوٹ:- کالم کا دامن تنگ لیکن لکھنے کے لیے بہت کچھ، اِس لیے باقی پھر سہی۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.