
تحریک و انقلاب۔۔۔ مختصر جائزہ
بدھ 26 نومبر 2014

سید شاہد عباس
1963ء میں امریکہ میں مارٹن لوتھر کنگ کی سربراہی میں ہونے والا مارچ سیاسی لحاظ سے ایک الگ تاریخ رقم کر چکا ہے۔
(جاری ہے)
اسی طرح 1789 سے 1799 تک کے عرصے نے فرانس کی تاریخ بدل ڈالی۔ اس عرصے کو دنیا آج انقلاب فرانس کے نام سے جانتی ہے ۔انقلاب فرانس نے نہ صرف سیاسی سطح پر تبدیلی کو نمایاں کیا بلکہ اس انقلاب کی وجہ سے سماجی سطح پر بھی نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ اور شاید موجودہ فرانس اسی انقلاب کی وجہ سے دنیا کے سامنے ہے۔
ماضی قریب کا جائزہ لیں تو انقلابِ ایران جسے اسلامی انقلاب بھی کہا جاتا ہے ہمارے سامنے آتا ہے۔ اس انقلاب کی وجہ سے سیاسی طور پر ایران کا نقشہ مکمل طور پر تبدیل ہو گیا جو آج تک ایران کی سیاسی و سماجی تشخص کی پہچان بنا ہوا ہے۔ اس انقلاب نے بے شک سیاسی سطح پر بہت بڑے پیمانے پر تبدیلی کی راہ ہموار کی لیکن اس کی خاص بات اس کا مذہبی عنصر بھی تھا۔ کیوں کہ اس انقلاب کے روح رواں امام خمینی تھے۔ جو ملک میں موجود نہ ہو کر بھی اس انقلاب کی کامیابی کی ضمانت بن گئے۔ اس انقلاب کے بڑے واقعات 1977 سے 1979تک پیش آئے۔ 16جنوری 1979 کو جب پہلوی ، جس کا پورا نام محمد رضا شاہ پہلوی تھا، ایران چھوڑا تو اس وقت اس انقلاب کی کامیابی یقینی ہو گئی تھی۔ رضا شاہ پہلوی باقی پوری زندگی جلاوطن رہا اور جلاوطنی میں ہی داعی ملک عدم ہو گیا۔ انقلاب سے پہلے ایران امریکہ کے بہت قریب تھا۔ شاہ کو امریکہ کی حمایت حاصل تھی۔ اور ایران لبرل ازم کی طرف گامزن تھا۔ لیکن انقلاب کے بعد نہ صرف امریکہ سے تعلقات میں سرد مہری آئی بلکہ مذہبی رجحان میں بھی اضافہ ہوا۔ طالبعلموں کا امریکی سفارتخانے پر قبضہ اور عملے کو یرغمال بنانا اس انقلاب کے عروجی نقاط کہے جا سکتے ہیں۔
برصغیر پاک وہند کی تاریخ پر نگاہ دوڑائیں تو گاندھی جی کا "سالٹ مارچ" جس کی ابتداء 1930ء میں ہوئی آنے والے دنوں میں اہمیت اختیار کر گیا۔ یہ بنیادی طور پر ٹیکس نظام کے خلاف تھا۔ اسی طرح اقبالالٰہ آباد کے خطبے کے بعد 1930 ء سے مسلمانان ہند نے ایک نئی تحریک کا دامن تھام لیا۔ جسے 1940ء میں تحریک پاکستان کا نام مل گیا۔ اس پوری تحریک نے برصغیر پاک وہند کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا۔ سیاسی طور پر مضبوط ہونے کے باجود کانگریس قائد کی ولولہ انگیز قیادت کا سامنا نہ کر پائی اور 1947ء میں دنیا کے نقشے پر کچھ لکیریں ابھریں لیکن ان لکیروں میں لاکھوں شہیدوں کا لہو شامل ہوا۔
یہ صرف چند مثالیں ہیں۔ورنہ قدیم کائنات اور موجودہ جدید دنیا انقلاب ، احتجاج، تحریکوں سے بھری پڑی ہے۔ یہ صرف ان ہزاروں مثالوں میں سے چند مثالیں ہیں جو کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔پاکستان کی مثال کو سامنے رکھیں تو بہت سی مثالیں ہیں۔ بھٹو کی تحریک ہو یا 70ء کے انتخابات کے بعد کی صورت حال، بی بی کی واپسی ہو یا میاں صاحب کا لانگ مارچ ۔ ایک لمبی فہرست ہے۔ لمبی اس لیے کہ پانچ لوگ بھی کھڑے ہوں تو اسے انقلاب یا مارچ کا نام دیا جاتا ہے۔
پاکستان کے معروضی حالات کو سامنے رکھیں تو اس وقت عمران خان پورے ملک میں جلسے جلوس کر رہے ہیں۔ ان کے جلسوں سے آنے والی تبدیلی کا تو پتا نہیں لیکن اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ یہ ان میں باقاعدگی لا رہے ہیں۔ دنیا بھر میں جتنی بھی تحریکیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ چاہے وہ پر امن ہوں یا ہنگامہ خیز ، ان میں باقاعدگی کا عنصر بہت اہمیت کا حامل ہے۔ تحریک پاکستان کو دیکھیں۔ ایک جلسے کے بعد لوگ نہ صرف اگلے جلسے کے انتظار میں ہوتے تھے۔ بلکہ انہیں اگلے جلسے کے وقت اور مقام کا بھی پتا ہوتا تھا۔ اس کے علاوہ سب سے اہم بات لوگوں کا اپنی مرضی سے شامل ہونا تھا۔ موجودہ جلسوں کی لہر سے عمران خان کامیاب ہوں یا ناکام یہ ایک الگ بحث ہے۔ لیکن تین دہائیوں سے روایتی سیاسی ہنگاموں میں ایک باقاعدگی کا عنصر شامل ہو تا جا رہا ہے۔ بے ترتیبی جو جلسوں کی پہچان بن چکی تھی۔ وہ ختم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بہر حال ایک اچھا عمل ہے۔ جلسہ، جلوس، ریلی، تحریک وغیرہ چاہے حکمران جماعت کرے یا اپوزیشن جماعتیں۔ انقلاب کا نعرہ چاہے ڈاکٹر صاحب لگائیں یا ایوان اقتدار کے باسی۔ اس تمام ہلچل کا مقصد تعمیری ہونا بہت ضروری ہے۔
تمام سیاسی کارکنوں کے لیے اور سیاسی راہنماؤں کے لیے دنیا میں چلنے والی تحریکوں، جلسے ، جلوسوں یا رونما ہونے والے انقلاب کا مطالعہ کرنا ایک مفید عمل ہو سکتا ہے۔ اس سے سیاسی کارکنوں و راہنماؤں کو یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ کہاں انقلاب آیا، اور کس ملک میں تحریک چلی، ان کے مقاصد کیا تھے۔ ان کے روح رواں ان سے کتنے مخلص رہے۔ اور اس میں شامل لوگوں کی ترجیحات کیا تھیں۔ اور کسی بھی تحریک یا انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کروانے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ ایسا کرنا نہ صرف عمومی طور پر معاشرتی رویوں میں برداشت اور صبر کا عنصر شامل کرے گا بلکہ مجموعی طور پر سیاسی سوجھ بوجھ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
سید شاہد عباس کے کالمز
-
کیا یہ دُکھ بانٹنا ہے؟
جمعرات 17 فروری 2022
-
یہ کیسی سیاست ہے؟
منگل 28 دسمبر 2021
-
نا جانے کہاں کھو گئیں وہ خوشیاں
جمعہ 17 دسمبر 2021
-
نیا افغانستان اور پاکستان
جمعہ 1 اکتوبر 2021
-
توقعات، اُمیدیں اور کامیاب زندگی
ہفتہ 10 جولائی 2021
-
زندگی بہترین اُستاد کیوں ہے؟
منگل 22 جون 2021
-
کیا بحریہ ٹاؤن کو بند کر دیا جائے؟
منگل 8 جون 2021
-
کورونا تیسری لہر، پاکستان ناکام کیوں؟
بدھ 26 مئی 2021
سید شاہد عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.