
نہ اِدھر کے رہے، نہ اُدھر کے رہے۔۔۔
منگل 18 اگست 2015

سید شاہد عباس
(جاری ہے)
مولانا صاحب نے ڈی سیٹ کرنے کا بیڑا اٹھایا تو ان کو خود بھی یقین نہ تھا کہ ن لیگ ان کی مخالفت میں کمر بستہ ہو جائے گی ۔ ان کو شاید امید ہو چلی تھی کہ عمران خان اور نواز شریف کے اختلافات اس تحریک کے خُشک پودے کے لیے ساون کی بارش ثابت ہوں گے ۔ لیکن صد افسوس! ایسا نہ ہو سکا۔ بلکہ آبیاری کے بجائے سُبکی مقدر ٹھہری۔ مولانا صاحب کے لیے ہمیشہ سے یہ کہا جاتا ہے کہ حکومت خواہ کوئی سی بھی ہو وہ حکومت کا حصہ بننے کو ایسا ہی سمجھتے ہیں جیسے مچھلی کے لیے پانی۔ مچھلی جیسے پانی کے بناء تڑپتی ہے اسی طرح مولانا صاحب حکومت سے باہر رہ کر تڑپتے ہیں۔ اسمبلی میں تقریر کے دوران بھی خیرات کے لفظ کو اپنی جاگیر سمجھ کر استعمال کیا جاتا رہا جب کہ یہ اصول فراموش کر دیا گیا کہ خیرات کم والا مانگتا ہے زیادہ والا نہیں۔ سیاست سے نابلد پاکستانی بھی اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جس کے پاس ہوں ہی گنے چنے 13 پیادے وہ کیسے 33 والے کو خیرات دے سکتا ہے۔ کھسیانی بلے کھمبا نوچے کے مصداق مولانا صاحب کو جب ن لیگ کی طرف سے ہری جھنڈی دکھا دی گئی تو اس کے علاوہ کچھ بن نہ پڑا کہ تحریک واپس لے لی جائے۔ ابھی بھی کچھ عزت باقی رہ گئی جس میں حکمران جماعت نے پرانے تعلقات کا خیال کرتے ہوئے مولانا صاحب کو تحریک واپس لینے کا وقت دیا ورنہ اگر تاخیر کے بجائے فوراً اس معاملے پر رائے شماری کروا دی جاتی تو مولانا صاحب مارے شرمندگی کے نہ اِدھر کے رہتے ، نہ اُدھر کے۔
ایم کیو ایم بھی پاکستان تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر مولانا صاحب کی ہمنوا تھی۔ ایم کیو ایم کے پاس 24 نشستیں ہیں لہذا یہ کہا جا سکتا ہے کہ ایم کیو ایم بھی گلے پڑی رَسی کے خوف سے ہوا میں ہی ہاتھ پاؤں چلا رہی ہے۔ جیسے ن لیگ نے مولانا صاحب کو دغا دیا ویسا ہی کچھ حال جیالوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ کیا۔ ایم کیو ایم کی تحریک کی بنیاد بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید تھی۔ لیکن ان بنیادوں میں دراڑیں اسی وقت پڑنا شروع ہو گئیں جب شاہ جی نے بناء کسی ہچکچاہٹ کے کہہ دیا کہ وہ ایسی کسی بھی تحریک کا ساتھ نہیں دیں گے۔مرتے کیا نہ کرتے نہ رائے شماری میں جانے کے قابل رہے نہ تحریک واپس لینے کی ہمت۔ ایک بار پھر ایاز صادق صاحب مدد کو آئے اور لندن کال کھڑکا دی ۔ یہ کال نہیں تھی۔ بلکہ عزت بچانے کا نادر موقع تھا۔ جس طرح عرصے سے میکے میں بیٹھی ناراض بہو سسرالیوں کا بے تابی سے انتظار کر رہی ہوتی ہے اور ان کے آنے پر مرغ مُسَلم تیار کیے جاتے ہیں ایسے ہی ایک فون کال پر ہی تحریک کے غبارے سے ہوا نکل گئی ۔ ایم کیو ایم 24 نشستوں سے جو تحریک رقم کرنا چاہتی تھی وہ وقت سے پہلے ہی تاریخ کے صفحوں میں گم ہو گئی ۔اس تحریک کا ماخذ تحریک انصاف کے رویے سے زیادہ رینجرز کی " کارستانیاں" ہیں۔ سونے پہ سہاگہ " دفتری غلطی" سے بھارتی ہائی کمیشن کو خط چلا گیا۔ جلتی پہ تیل کا کام " کلرز لسٹ " نے کر دیا۔ لہذا تحریک انصاف والے اس حوالے سے بھی پریشان نہ ہوں کیوں کہ وہ پنجابی کا مشہور ضرب المثل ہے نا کہ" آکھاں دھی نوں، سناواں نہوں نوں"(مدعا کچھ اور ہو غصہ کسی اور پہ ہو) تو یہاں بھی صورت حال کچھ ایسی ہی تھی۔ کہیں اور کا غصہ اُتر کہیں اور رہا تھا۔اور اب ایم کیو جوابی وار کر رہی ہے شاید۔۔۔ مستعفی ہو کر۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (نواز) نے ایم کیو ایم اور مولانا کو ہر ممکن موقع دیا کہ وہ رہی سہی عزت سنبھال لیں اور دونوں نے اِسی کو موقع غنیمت جانا ۔ ورنہ اگر واقعی خان صاحب پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر دوبارہ اسمبلی میں وارد ہو جاتے ہیں تو دونوں کی نظریں چاہنے کے باوجود نہ اُٹھ پاتیں۔ تحاریک واپس لینے کے بجائے بھی مولانا صاحب اور ایم کیو ایم بہت کچھ کھو بیٹھے ہیں۔ یعنی۔۔۔
نہ اِدھر کے رہے، نہ اُدھر کے رہے
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
سید شاہد عباس کے کالمز
-
کیا یہ دُکھ بانٹنا ہے؟
جمعرات 17 فروری 2022
-
یہ کیسی سیاست ہے؟
منگل 28 دسمبر 2021
-
نا جانے کہاں کھو گئیں وہ خوشیاں
جمعہ 17 دسمبر 2021
-
نیا افغانستان اور پاکستان
جمعہ 1 اکتوبر 2021
-
توقعات، اُمیدیں اور کامیاب زندگی
ہفتہ 10 جولائی 2021
-
زندگی بہترین اُستاد کیوں ہے؟
منگل 22 جون 2021
-
کیا بحریہ ٹاؤن کو بند کر دیا جائے؟
منگل 8 جون 2021
-
کورونا تیسری لہر، پاکستان ناکام کیوں؟
بدھ 26 مئی 2021
سید شاہد عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.