پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کی شدید مذمت

پوری کشمیری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے ،بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ ،چوہدری لطیف اکبر کی سینئر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 21 ستمبر 2016 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو گیدڑ بھبکیاں قراردیا ہے ۔ پوری کشمیری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے ۔ عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ ، پی پی پی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر نے پارٹی کے سینئر عہدیداران و سابق وزراء میاں عبدالوحید ، چوہدری مطلوب انقلابی ، ممبر کشمیر کونسل اختر پرویز اعوان ، شوکت جاوید میر ، سید قلب عباس جعفری ، محمد محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس سمیت پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جانا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی کے ذریعے بننے والی حکومت نے انتقامی کارروائیاں شروع کررکھی ہیں ۔ ہمارے کارکنوں پر بے بنیاد مقدمات قائم کرکے حراساں کیا جارہا ہے ۔ پی پی پی رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے تعلیمی پیکیج پر ری وزٹ کے حوالہ سے بنائی گئی کمیٹی کو 48گھنٹے کے اندر ختم کیا جائے ۔ ورنہ ریاست بھر میں شدید احتجاج کے ساتھ عدالت سے رجوع کرینگے ۔

سابق وزراء میاں عبدالوحید ، چوہدری مطلوب انقلابی نے کہا کہ عدالت عدالعالیہ اور عدالت العظمیٰ کے فیصلوں کے بعد حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے ۔ موجودہ حکومت تعلیم دشمن اور عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔ جس کی ہر فورم پر شدید مزاحمت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیکیج کے ذریعے دور افتادہ اور ضرورت کے مطابق اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا جو موجودہ حکمرانوں کی بدنیتی کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے ۔

اداروں میں داخلوں کے باوجود ان کی رجسٹریشن کے عمل سمیت معاملات کو روک کر بچوں کا تعلیمی سال ضائع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے عوام کی ملکیت ہوتے ہیں ۔ تعلیمی پیکیج بھی عوام کی ملکیت ہے اس پر کسی کو شب و خون مارنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس سی سمیت کسی ادارے میں کسی ایک فرد کا کردار یا کام غلط ہوسکتا ہے اس سے پورا ادارہ غلط نہیں ہوسکتا۔