پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے شکر گزار ہیں ،ْ بیرسٹر سلطان

ہم نے حکومت پاکستان سے مایوس ہو کر امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ میں مظاہرے کرکے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرائی کریڈٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام اورنوجوانوں کو جاتا ہے ،ْ حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی سے بازرہے ،ْ صحافیوں سے گفتگو

بدھ 24 جنوری 2018 16:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگٹرز کی جانب سے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس سے ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادیں اب بھی موثر ہیں۔

اس کا کریڈٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام اورنوجوانوں کو جاتا ہے جنکی لازوال قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج بھی عا لمی ایوانوں میں زندہ ہے۔ تاہم ہم نے حکومت پاکستان سے مایوس ہو کر امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ میں مظاہرے کرکے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرائی اور اب میں مشرق وسطی اور مشرق بعید میں جا کر ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہا ہوں جبکہ حکومت آزادکشمیر عیاشیوں میں پڑی ہوئی ہے اور بلدیاتی انتخابات نہ کرواکر توہین عدالت کی مرتکب ہو ئی ہے جسطرح انھوں نے ایڈمنسٹریٹرز لگائے ہیں اس پر پی ٹی آئی کشمیر نے رٹ دائر کر دی ہے اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹرز کو شوکاز نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں اور حکومت سے بھی جواب طلب کر لیا گیا ہے جبکہ حکومت آزاد کشمیر ایک طرف تو عدالیہ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا وعدہ کر رہی ہے اور دوسری طرف چند ماہ کے لئے ایڈمنسٹریٹرز لگائے گئے ہیں یا تو حکومت عدلیہ کے سامنے جھوٹ بول رہی ہے ورنہ دو ماہ کے لئے ایڈمنسٹریٹرز لگانے کا کیا جواز ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پتا چلتا ہے کہ حکومت دھاندلی کی راہ ہموار کرنے جا رہی ہے جبکہ یہ حکومت خود دھاندلی کی پیداوار ہے نواز شریف نے انتخابات میں دھاندلی کراکر یہ حکومت بنوائی تھی۔ اولاً تو حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتی جبکہ ایسا لگ رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے ہی کارکنوں کی تذلیل کراکر کارکنوں سے انتقام لے رہی ہے۔

کیونکہ کبھی انہیں معطل کیا جاتا ہے اور کبھی انہیں بحال کیا جاتا ہے اور اب انشا ء اللہ یہ ایڈمنسٹریٹرز دوبارہ معطل ہونے والے ہیں۔ کیونکہ پی ٹی آئی کشمیر نے پہلے روٹین میں ریلیف مانگا تھا جبکہ اب باقاعدہ رٹ دائر کر دی گئی ہے۔مجھے عدلیہ پر اعتماد ہے کہ وہ ایڈمنسٹریٹرز کو دوبارہ معطل کرے گی تاکہ آزاد کشمیر میں انصاف کا بول بالا ہو۔

عدلیہ قانون، جمہوری اور اخلاقی فیصلے کررہی ہے اور ان پر گامزن ہوتے ہوئے آزاد کشمیر کی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آزاد کشمیر میں بلایاتی انتخابات کی راہ ہموار کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں اپنے متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے پانچ روزہ دورے پر روانگی سے قبل اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے سارے یورپ ، امریکہ، کینیڈا میں ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے ہر فورم پر جاکر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیااور اب مشرق وسطی اور مشرق بعید میں جا کر مسئلہ کشمیر اجاگر کر رہا ہوں۔انھوں نے کہا کہ میں اپنے محدود و ذاتی وسائل سے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں جا کر اجاگر کر رہا ہوں جبکہ آزاد کشمیر کے صدر و وزیر اعظم پہلے تو جاتے ہیں ہیں اگر جائیں بھی تو ندامت کا باعث بن جاتے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس وقت بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا کوئی جواز نہیں اس سلسلے میں پی ٹی آئی کشمیر نے باقاعدہ رٹ دائر کر دی ہے اور اس پر انشا ء اللہ جلد فیصلہ آجائے گا۔ جبکہ عدلیہ نے فیصلہ دیا تھا کہ چھ ماہ میں بلدیاتی انتخابات ہونے چاہیں۔ امید ہے کہ عدلیہ ایڈمنسٹریٹرز کو معطل کردے گی اور حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی ہوگی۔

جلد ہی عوام کے حق میں فیصلہ ہونے والا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی سے بازرہے کیونکہ جسطرح نواز شریف نے آزاد کشمیر میں دھاندلی کرکے آزاد کشمیر کے عوام کو حق حکمرانی چھینا تھا اور اس کا حشر سب نے دیکھا لہذا حکومت آزاد کشمیر اس سے نصیحت حاصل کرتے ہوئے دھاندلی سے باز رہے ورنہ اس کا بھی وہی حشر ہو گا جو نواز شریف کا ہوا۔