سعودی عرب کی شام میں امن فوج بھیجنے کی پیشکش کو سراہتے ہیں،روس ایران حالات خراب نہ کریں، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

بدھ 18 اپریل 2018 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشارالاسد نے اپنے مخالفین کے خلاف زہریلی گیس استعمال کرکے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔اس جرم میں اتحادی بھی شریک ہیں۔ شام کے حالات کو معمول پر لانے کے لئے عالمی ادارے کردار اداکریں۔

اس حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے امن فوج بھیجنے کی پیشکش کو سراہا جانا چاہیے۔ روس اور ایران ، شام کے حالات کو خراب کرنے سے گریز کریں۔ عالمی حالات کی تباہی کے ذمہ داروں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔ شام پرحملے امریکہ کرے یا روس نقصان مسلمانوں ہی کا ہورہا ہے۔اس پر غور کیا جانا چاہیے کہ عام لوگوں کی زندگیاں متاثر نہ ہوں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مانچسٹر سے میڈیا کوآرڈینیٹر عثمان راشد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ بشارالاسد کے انسانیت کے خلاف جرائم کی فہرست طویل ہوتی جارہی ہے۔ جس کا اسے حساب دینا ہوگا۔اس ظالم حکمران نے انسانی حقوق کو پائمال کیا اور بیرونی قوتوں کو اپنے ملک پر حملہ آور ہونے کا موقع فراہم کیا ۔

عالمی امن کے ذمہ داراداروں کو شام کا سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔ مزید جنگ و جدل مسئلے کا حل نہیں۔ مذاکرات کرکے جنگ بندی کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد کو اقتدار چھوڑ کر مذاکرات کے لئے راہ ہموار کرنی چاہیے۔ شام میں سعودی عرب اور اس کے اتحاد ی ممالک کا کردار بہت مفید رہا ہے۔ جنہوںنے حالات کو معمول پر لانے کی کو شش کی ہے۔ جنگ سے نکال کر تعمیر کا کام شروع کیا جانا چاہیے۔ اور یہ بھی سوچنا چاہیے کہ حالات صرف مسلم ممالک ہی کے خراب کیوں کئے جاتے ہیں۔