قائم مقام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت کابینہ کا غیر رسمی اجلاس

حکومت پاکستان کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کی بروقت فراہمی پر وزیراعظم پاکستان سے اظہار تشکر

جمعرات 26 اپریل 2018 15:30

مظفر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) قائم مقام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت کابینہ کا غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت پاکستان کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کی بروقت فراہمی پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیاگیااور آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے فیصلے کو قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے اندر ترقیاتی شعبہ میں شروع غیر معمولی پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے ،کابینہ اراکین نے ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال میں پاکستان بھر میں آزادکشمیر کی اول پوزیشن آنے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

کابینہ نے اس عمل میں بھرپور شرکت کرنے والے محکمہ جات کی ستائش کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ بجٹ ،سالانہ میزانیہ 2018-19 پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اراکین نے متفقہ طورپر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے طویل عرصہ سے حل طلب معاملات ،ترقیاتی بجٹ میں اضافے سمیت انتظامی اخراجات ،خسارے کی کمی ،این ایف سی کے شیئرز میں اضافے کے لیے ان کی بیباکی سے کی جانے والی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ،اراکین نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض افواج کی جانب سے نہتے مظاہرین پر تشدد اور طلباء کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

کابینہ اراکین نے بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، دارلحکومت کے نواحی علاقے سیری درہ میں گزشتہ روز ہونیوالے افسوسناک حادثے میں آٹھ قیمتی جانوں پر افسوس کااظہار کیا کابینہ کے غیر رسمی اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر بلدیات راجہ نصیر احمد خان ،وزیر اوقاف و امور دینیہ راجہ عبد القیوم خان ،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کرنل ریٹائرڈ وقار نور،وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ،وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ،وزیر قانون جاوید اختر ،وزیر مال سردار فاروق سکندر،وزیر اطلاعات مشتاق منہاس،وزیر جنگلات سردار میر اکبر،وزیرسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری ،وزیر شہری دفاع و جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے شرکاء کو ترقیاتی منصوبہ جات ،آمدہ بجٹ اور حکومتی ترجیحات کے حوالے سے بریفینگ دی ، قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر حکومت کے جاری میزانیہ کے اندر سب سے زیادہ ترقیاتی اخراجات یقینی بنانے کے اہداف کی تکمیل انتہائی حوصلہ افزا ہے جس کا حکومت پاکستان کی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر پہلی مرتبہ منصوبہ جات وقت سے پہلے مکمل ہورہے ہیں آزادکشمیر کی تقریبا تمام بڑی شاہرات پر کام جاری ہے اور دسمبر تک ان میں سے بیشترپر مکمل ہو جائیگا۔

آنیوالا بجٹ ہماری ترجیحات کا عکاس ہوگا عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوے منصوبہ جات رکھے جائیں گے پہلے سے جاری منصوبہ جات کی بروقت تکمیل سے جہاں وسائل کی بچت ہوتی ہے وہیں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومت کی نیک نامی میں اضافے کا بھی باعث بنتے ہیں۔وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کابینہ اراکین کو آمدہ بجٹ کی تفصیلات اور حکومت پاکستان کے ساتھ ہونیوالی بات چیت سے مفصلا آگاہ کیا۔