مزدور اور ورکرکلاس کسی بھی ملک کا اہم سرمایہ ،خوشحالی کے بغیر ملک کی ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،چوہدری برجیس

حکومت پنجاب نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے 2015 میں پہلی لیبر پالیسی کا اعلان کیا ، ، وفاقی وزیر امور کشمیر

پیر 30 اپریل 2018 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے یو م مئی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزدور اور ورکرکلاس کسی بھی ملک کا اہم سرمایہ ہوتے ہیں اور مزدور وں اور ورکرکلاس کی خوشحالی کے بغیر ملک کی ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے شکاگوکے مزدوروںکی قربانیوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی صدی دُنیا میں مزدور اور ورکرکلاس کے حقوق کی آگاہی کے حوالے سے بڑی اہم ثابت ہوئی ۔

انہوںنے کہاکہ جمہوریت اورمزدوروںکے حقوق کا ایک مضبوط رشتہ ہے ا ورورکرزکلاس کے حقوق کو جمہوری نظام میں تقویت ملتی ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ مزدوروں اورورکرز کلاس کے حقوق کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) نے بڑااہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت پنجاب نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے 2015 میں پہلی لیبر پالیسی کا اعلان کیا اس کے علاوہ صوبے میں قائم انڈسٹریل اسٹیس اور نئے قائم ہونے والے انڈسٹریل زوننراور اکنامک زوننر میں بھی مزدوروں کے حقوق اور فلاح وبہبود کے حوالے سے بھی سہولیات کی فراہمی پر بھر پور توجہ دی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے محمدشہباز شریف کی سربراہی میں صوبے میں مختلف بھٹوں ہوٹلز ،پڑول پمپس اور ورکشاپز پر کام کرنے والے ہزاروں بچوں کوچائلڈلیبرکی لعنت سے چھٹکارا دلوا کر سکولوں میںداخل کرواے۔اُنہوںنے کہا کہ ورکر کلاس کو ہنر مند بنانے کے لیے صوبے میں تقریباًسو سے زائد پولی ٹیکنیک ادارے موجود ہیں جہاں بے روزگار نوجوانوں کو ہنر سکھایا جارہا ہے تاکہ وہ ملک کے مفید شہری بن سکیں۔

وفاقی وزیر نے محمدنوازشریف کے وژن کے تحت بننے والے سی پیک منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا منصوبے کے تحت ملک میں 60 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 25 لاکھ نئی ملازمیتں پیدا ہوں گی جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو گا ۔انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے ترجیجی بنیادوں پر صنعتوں اور فیکٹریوں کو گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مثتنٰی قرار دیا تاکہ ان فیکٹریوں اور صنعتوں میں کام کرنے والے مزدور بے روزگارنہ ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ آج پاکستان کے مزور اس بات کی خود گواہی دیں گے کہ سابقہ حکومت کے دور میں ملک میں ہرطرف اندھیرا اور بے روزگاری عروج پرتھی لیکن جب سے ہمارے قائد کی پارٹی اقتدار میں آئی تو انہوںنے سب سے پہلے ترجیجی بنیادوں پر توانائی کے منصوبوں پر کام شروع کیا تاکہ پاکستان کے عوام کے روزگار کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنے غریب مزدورں کو ہر ممکن سہولت دینے کی بھرپور کوشش کی ہے اور آئندہ بھی جب موقع ملے گا تو ہماری حکومت پہلے سے زیادہ اپنے ان بھائیوں کے لیے کام کریں گے ۔