2018ء کے انتخابات میں پوری تیاری سے حصہ لیں گے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن انتخابات کو انتخابات سمجھ کر لڑے گا‘آصف علی زرداری

پیپلزپارٹی ملازمین نوکریوں کے تحفظ کرے گی اور کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دے گی‘پیپلزپارٹی کو عوام کی طاقت پر بھروسہ ہے کیونکہ پیپلزپارٹی عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے‘وفود سے گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سابق صدر پاکستان وپیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں پوری تیاری سے حصہ لیں گے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن انتخابات کو انتخابات سمجھ کر لڑے گا، پارٹی کارکن آج سے سرگرم ہو جائیں، پیپلزپارٹی کو عوام کی طاقت پر بھروسہ ہے کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے، اس لئے جب بھی انتخابات جیت کر اقتدار میں آتی ہے تو ان کی ترجیح عوام کے مسائل حل کرنے پر ہوتی ہے، ماضی میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف یہ بھی مقدمات بنائے کہ انہوں نے وزیراعظم کی حیثیت سے لوگوں کو نوکریاں دیں۔

پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

(جاری ہے)

پیر کے روز بلاول ہائوس میں لاہور میں سرگودھا ڈویژن کے وفودسے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور کچلے ہوئے طبقات کے ساتھ انصاف ہے۔

ہماری پوری کوشش ہے کہ محنت کشوں، مزدوروں اور کسانوں کے بچوں کو بھی آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مہیا کیے جائیں۔ بعد ازاں سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ کسی بھی ریاستی ادارے سے ملازمین کی برطرفی کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ملازمین نوکریوں کے تحفظ کرے گی اور کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات کی بغور نگرانی کر رہی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا جواز پیدا کرنے کے لئے حکومت پی آئی اے کو نقصان سے دوچار کر رہی ہے تاکہ اسے ایک ایسانقصان میں چلنے والا ادارہ ظاہر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی کے موقع پر وہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پارٹی مزدوروں کے حقوق اور ان کی عزت اور وقار کی بھی حفاظت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے مثال لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کے روزگار کی حفاظت، مناسب تنخواہوں، حقوق اور وقار کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے ان لیڈروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لیڈروں کی جانب سے ان سے کئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے روزگار کے حالات بہتر بنانے اور انہیں استحصال سے نجات دلانے کی جدوجہد ایک مسلسل عمل ہے اور پارٹی یہ جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ مزدوروں کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلایا جا سکے۔