کراچی میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے رینجرز تعینات رہے گی،گورنرسندھ

جمعہ 4 مئی 2018 23:39

کراچی میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے رینجرز تعینات رہے گی،گورنرسندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ کاروباری سرگرمیاں کسی بھی شہر یا ملک کی اقتصادی کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی سربراہی الحاج حنیف طیب کررہے تھے۔

وفد میں الیاس میمن، انجم نثار، عبدالصمد خان، ہارون رشید، قاضی احمد کمال، شمیم احمد فرپو اور دیگر بھی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مشکل ترین حالات میں شہر کی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر شہر کی تاجر برادری خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء اور اس سے قبل کا مشکل دور گزر چکا ہے، اس کو کبھی بھی واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سیاسی عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت کے باعث کراچی میں امن بحال ہوچکا ہے جسے قائم رکھنے کے لئے رینجرز صوبہ میں موجود رہے گی کیونکہ شہری اور خصوصاً کارباری برادری رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013ء میں حکومت کو اقتدار سنبھالنے میں امن و امان اور بجلی بحران جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جن کے باعث ملک کو شدید خطرات لاحق تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تعاون سے شروع کئے گئے آپریشن کے نتائج نہایت مثبت برآمد ہوئے اور دہشت گردی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان جیسے گھنائونے جرائم کا خاتمہ عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں گھنائونے جرائم نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کے دیگر شہروں کے مقابلہ میں کہیں کم ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے باعث شہری سماجی ، اقتصادی ، تفریحی، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہورہے ہیں، جس کا 5 سال قبل تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ گورنر سندھ نے مزید کہاکہ قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر عوام اور خصوصاً تاجر برادری مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی و صوبائی حکومتوں کے مابین قریبی رابطہ نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اگلے انتخابات ملک کے لئے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ موثر معاشی پالیسیوں کے باعث آئندہ حکومت کو معاشی تعمیر و ترقی کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم میسر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سوچ سمجھ کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا تاکہ ملک کو مزید معاشی استحکام کی جانب لے جایا جا سکے۔ وفد کے اراکین کی جانب سے اسٹریٹ کرا ئم، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے سڑکوں کی حالت زار، سیلز ٹیکس کے مسائل کی جانب توجہ دلانے پر گورنر سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

ا س موقع پر وفد کے اراکین نے گورنر سندھ کو صدر، بوہری بازار، طارق روڈ، قائد آباد اور دیگر مارکیٹوں کو درپیش مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادی کارباری سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کے لئے پرعزم ہے جس کے لئے اسے حکومت کی مدد اور تعاون درکار ہے۔