آج سندھ بے حال ہے،صرف زرداری خوشحال ہے ، پنجے گاڑھے زرداری ہے ، بے بس کسان اور ہاری ہے اورمحروم بہت مٹیاری ہے

سندھیوں پر ڈھائے گئے زرداری کے ظلم و ستم کا بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے‘شہبازشریف زرداری نے سندھ اور پاکستان کو لوٹا ہے،شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کی دھرتی ، پی پی پی کی نہ پی ٹی آئی کی بلکہ یہ دھرتی پاکستان کی ہے، دوبارہ خدمت کا موقع ملا تو کراچی سے کشمور تک سندھ کی دھرتی کو پنجاب بنا کر چھوڑوں گا، سندھ کے ہر گوٹھ میں بجلی پہنچائیں گے،سندھ کے ہر ضلع میں دانش سکول اور ہسپتال بنائوں گا، سندھ کے دیہی علاقوں میں سڑکوں پر ڈیڑھ سو ارب روپے خرچ کروں گا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا سندھ کے علاقے مٹیاری میں ایک بڑے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ صوفیا کرام کی سر زمین ہے اور یہ پاکستان کا عظیم خطہ ہے - سندھ کے عظیم لوگوں نے قیام پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا- سندھ کے عوام پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اوریہاں کے عوام نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں - ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں سندھ کی ترقی کیلئے کام ہوا لیکن زرداری کے دور میں سندھ کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوئی- زرداری کے دور میں سندھ تباہ و برباد ہوااور ہاریوں سے زیادتی ہوئی او رہاریوں کو خوشحال نہیں کیا بلکہ زرداری نے خود کو خوشحال کیا - زرداری نے قومی وسائل کی لوٹ مار تو کی لیکن سندھ کے عوام کے لئے نہ تو ہسپتال بنائے اور نہ ہی تعلیمی ادارے اور نہ ہی سندھیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئی-زرداری نے سندھ کے ہا ریو ںکو بلاسود قرضے تک نہیں دئیے اور نہ ہی انہیں سستی کھاد دی-آج سندھیوں پر ڈھائے گئے اس ظلم و ستم کا بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے - میں پہلے پاکستانی ہوں پھر کچھ اورہوں- سندھ ، بلوچستان، کے پی کے ، گلگت بلتستان، پنجاب اور آزاد کشمیر سے مل کر پاکستان بنتا ہے - جب تمام اکائیاں ترقی کریں گی تبھی پاکستان بھی ترقی کرے گا- اگر سندھ ترقی نہیں کرتا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کر سکتا - محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار سندھ کے علاقے مٹیاری میں ایک بڑے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا- پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے نو منتخب صدر شاہ محمد شاہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کی زمین پر یہ میرا پہلا جلسہ ہے اور میں یہاں محمد نواز شریف کا پیغام دینے آیا ہوں - ہالہ سے لیکر پنجاب کے بارڈر تک بسنے والے کروڑوں سندھیوں کو کہنے آیا ہوں کہ 2018ء کے الیکشن کی آمد ہے اور اگر آپ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ کے ذریعے خدمت کا موقع دیا تو سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور بنا دوں گا - سندھ کے ہر ضلع میں دانش سکول اور ہسپتال بنائوں گا - پنجاب میں دیہی علاقوں میں ایک سو ارب روپے کی لاگت سے شاندار سڑکیں بنائی گئی ہیں لیکن سندھ کے دیہی علاقوں میں سڑکوں پر ڈیڑھ سو ارب روپے خرچ کریں گے - انہوںنے کہا کہ مجھے سندھ کی شکستہ حال سڑکیں دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے - سندھ کے دیہاتوں، شہروں اور قصبوں میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں - یہاں نہ تو اچھے ہسپتال ہیں اور نہ ہی دانش سکول جیسے اعلی تعلیمی ادارے - غریب گھرانوں کے بچوں کو نہ تعلیم کیلئے وظائف دیئے جاتے ہیں اور نہ ہی مریضوں کو سی ٹی سکین کی سہولتیں مل رہی ہیں - ہم نے پنجاب میں غریب گھرانوں کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد بے اور بچیوں کو 17 ارب روپے کے وظائف دیئے ہیں - ان وظائف سے تعلیم حاصل کر کے غریبوں کے بچے اور بچیاں ڈاکٹرز اور انجینئرز بن رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ پنجاب میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے خود روزگار سکیم کے تحت46 ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے گئے ہیں - جن سے مستفید ہو کر لاکھوں بچے اور بچیاں با عزت روزگار حاصل کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں - اسی طرح ہر ضلع میں بہترین ہسپتال بنائے گئے ہیں ، سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات مفت مل رہی ہیں اور مریضوں کو سی ٹی سکین کی سہولت بھی مفت حاصل ہے - انہوں نے کہا کہ زرداری نے سندھ اور پاکستان کو لوٹا ہے - آج سندھ بے حال ہے،صرف زرداری خوشحال ہے ، پنجے گاڑھے زرداری ہے ، بے بس کسان اور ہاری ہے اورمحروم بہت مٹیاری ہے - شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کی دھرتی ، پی پی پی کی نہ پی ٹی آئی کی بلکہ یہ دھرتی پاکستان کی ہے - انہوںنے کہا کہ میرا شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کی دھرتی پر یہ پہلا جلسہ ہے - میں نے عوام کی محبت اورجوش کو دیکھا ہے - میں دوبارہ بھی یہاں آؤں گا بلکہ بار بار آؤں گا- اگر ہمیں دوبارہ خدمت کا موقع ملا تو کراچی سے کشمور تک سندھ کی دھرتی کو پنجاب بنا کر چھوڑوں گا- انہوںنے کہا کہ زرداری اور بنی گالہ ہم پیالہ،ہم نوالہ ہیں اور یہ دونوں اکٹھے ہو گئے ہیں -زرداری کہتا ہے کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، لیکن میں کہتا ہوں کہ ان کا مطلب ہے کہ مرسوں مرسوں کام نہ کرسوں- زرداری اربوں روپے لوٹ کر ملک سے باہر لے گئے اور آج واسکٹ پہن کر بھاشن دیتے ہیں کہ ملک میں حکومت بنائیں گے اور کرپشن ختم کریں گے - 2013ء میں زرداری کی حکومت ختم ہوئی تو دور دور تک بجلی ناپید تھی-انہوںنے کہاکہ سندھ کے عوام نے اب زرداری کو چھوڑدینا ہے کر ان سے حساب لیناہے او رپیسہ واپس لیناہی- محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کی ترقی، توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کیا -ہمیں دوبارہ موقع ملا تو سندھ کے ہر گوٹھ میں بجلی پہنچائیں گے -انہوںنے کہاکہ سندھ کے جن علاقوں میں بجلی کی قلت ہے اس حوالے سے میں وفاق سے بات کروں گا- انہوںنے کہا کہ سندھ میرا صوبہ ہے اور پنجاب بعد میں ہے اور اسی طرح پنجاب آپ کا ہے اور ہمیں مل کر پاکستان کو بنانا ہے - انہوںنے کہا کہ محمد نواز شریف نے قیام امن کے لئے جراتمندانہ فیصلہ کیا اور کراچی کے امن کے لئے رینجرز کو ذمہ داری دی اور رینجرز نے یہ اپنی ذمہ داری کامیابی سے نبھائی- انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ اگر زندگی نے وفا کی اور آپ نے ووٹوں کے ذریعے دوبارہ منتخب کیا تو سندھ کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ بنا کردم لیں گے - جس طرح 90 کی دہائی میں محمد نواز شریف نے ہاریوں کو زمینیں دیں ، اسی طرح ہاریوں کو دوبارہ زمینوں کا مالک بنائیں گے - وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتیں اس دھرتی کے ایسے سپوت ہیں جنہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈالا ہے اور پاکستان کا آئین انہیں مکمل تحفظ فراہم کرتا ہی- پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقلیتوں کی فلاح اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بے مثال کام کیا ہے -