Live Updates

عمران خان بلاول بھٹو کو تو بچہ کہتے ہیں لیکن انہیں خود بھی سوچنا چاہئے کہ وہ بھی تو ریٹائرڈ ہیں ، ان کا دماغی توازن درست نہیں، نثار احمد کھوڑو

خلائی مخلوق کے بارے میں نواز شریف ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیونکہ آج کل اس مخلوق نے میاں صاحب کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں،سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا اور رمضان المبارک سے قبل پورے سندھ میں 18,18گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے،پیپلز پارٹی حیدرآباد میں پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف 16مئی کو ہٹڑی بائی پاس پر ایک بڑا دھرنا دینے کا اعلان

اتوار 13 مئی 2018 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینئر صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو بچہ ہے تو انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ وہ خود بھی ریٹائرڈ ہیں اور ان کا دماغی توازن درست نہیں ہے، خلائی مخلوق کے بارے میں نواز شریف ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیونکہ آج کل اس مخلوق نے میاں صاحب کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں، سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا اور رمضان المبارک سے قبل پورے سندھ میں 18,18گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، انہوں نے حیدرآباد میں پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف 16مئی کو ہٹڑی بائی پاس پر ایک بڑا دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

وہ پیپلزپارٹی حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویزز کے عہدیداروں سے مگسی ہاؤس حیدرآباد میں ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، پیپلزپارٹی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامرہ ، فرحین مغل ، پاشا قاضی ، صغیر قریشی ، عرفان گل مگسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ کو آخری سرے کے علاقوں تک پانی پہنچانے کے بجائے چشمہ جہلم لنک کینال کھول دی گئی ہے جوکہ وفاق کی جانب سے سندھ کی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور بد دیانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان بھارت سے بگلیہار ڈیم کی تعمیر پر عالمی عدالت میں کیس لڑ رہا ہے دوسری طرف اپنے ملک کے صوبے کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے جوکہ دونوں ہی نا انصافی کی بات ہے جبکہ اس حوالے سے مشترکہ مفادات کی کونسل ، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی گئی ہے مگر وفاقی حکومت ان معاملات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے سندھ دشمن رویے کے بعد اب فیصلہ کیا ہے کہ اب خاموش نہیں رہا جائیگا اور 16مئی کو سندھ کے عوام کے ساتھ ہٹڑی بائی پاس پر دھرنا دیاجائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ سب کو یہ یاد ہوگا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں کموں شہید کے پاس کالا باغ جیسے سندھ دشمن منصوبے کے خلاف دھرنا دیا تھا جس کے نتائج آپ کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف مذکورہ مسائل کے حل بلکہ وفاق کے سندھ دشمن منصوبوں پر پی پی پی عوام کے ساتھ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ایسے منفی اور سندھ دشمن پالیسیوں کی وجہ سے سندھ کی زراعت کو بڑا نقصان پہنچ رہا ہے جوکہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے یہ ن لیگ کی حب الوطنی ہے یا ملک دشمنی ۔

پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے متعلق ایک پوچھے گئے سوال کے جواب میںصوبائی وزیر نے کہا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہے اور عوام کی طاقت سے ہی مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کئی سالوں سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ اب جھوٹا ثابت ہو چکا ہے اور عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ ن لیگ کے پاس کوئی منشور نہیں ہے فضول باتوں کے سوا۔

ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کہہ رہا ہے کہ بلاول بھٹو بچہ ہے تو انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ وہ خود بھی ریٹائرڈ ہیں اور ان کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے ۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ خلائی مخلوق کے بارے میں نواز شریف ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیوں کہ آج کل اس مخلوق نے میاں صاحب کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات