دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں‘ چوہدری اشرف

پیر 14 مئی 2018 19:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی ضامن ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔ نیلم جاگراں نالہ پل حادثہ سے پورا خطہ سوگوار ہو گیا ہے۔ پل کی خستہ حالت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا درجنوں گھروں کے چراغ گل ہو گئے مقامی افراد کو بروقت امدادی کارروائیاں کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آزاد کشمیر حکومت فوری اس معاملے کی تحقیقات کروائے۔ بھارت ہمار ا ازلی دشمن ہے جو مختلف حیلے بہانوں سے افراتفری پھیلانا چاہتاہے۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسیز کا تشدد ،ظلم ،قتل و غارت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی قراردادیں ہی اس مسئلہ کا اصل حل ہے ۔بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر پر قبضہ ایک جابرانہ فعل ہے جس کو کشمیری عوام نے کبھی بھی تسلیم نہیںکیا ۔

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گئے۔آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چودھری محمد اشرف نے کہا کہ ملک کے استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔ پاری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا وادی نیلم جاگراں نالہ پل ٹوٹنے سے مستقبل کے ڈاکٹر شہید ہوئے اس پر بہت دکھ ہے ۔اس حادثے سے پوار خطہ سوگوار ہو گیا ہے درجنوں گھرانوں کے چراغ گل ہو گئے ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ چودھری محمد اشرف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقع کی پوری تحقیقات کروائی جائیں کہ پل پر اتنی زیادہ تعداد میں لوگوں کو کیوں جانے دیا جبکہ پل کی حالت تسلی بخش نہیں تھی۔