اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ پاک بھارت سرحدی کشیدگی ختم کرائے ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا قیام ممکن نہیں ، مولانا عبداللہ طاری

بدھ 23 مئی 2018 19:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تازہ سرحدی کشیدگی اور اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں میں موجود اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ پر زوردیا ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان سرحدی جنگ بندی یقینی بنائے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کا براہ راست نشانہ کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے قریب رہنے والے کشمیری بن رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ سے حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر ہے جسے کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے خدشہ ظاہر کیاکہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کسی بھی وقت جنگ کی شکل اختیار کرسکتی ہے جو پورے خطے کو تباہی کی طرف دھکیل دیگی ۔مولانا طاری نے عالمی برادری سے پر زور اپیل کی کہ وہ دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے ۔انہوںنے کہاکہ سینئر حریت رہنماء اور پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ شبیر احمد شاہ نے بار بار خبردار کیاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کسی بھی وقت سنگین صورتحال اختیار کر کے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔

لہذا ضرورت اس امر کی ہے سرحدی کشیدگی کو باضابطہ جنگ میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔