وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان محمد برجیس طاہرکی ملاقات

خطے کی مجموعی سیکیورٹی وسیاسی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد، آزادکشمیر میں تعمیر وترقی بارے امور پر گفتگو مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبد یل کرنے کیلئے بھارت منظم انداز میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے ، محمد برجیس طاہر

پیر 28 مئی 2018 19:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حید ر نے پیر کو اسلام آباد میںوفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر سے ملاقا ت کی۔ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی و سیاسی صورتحال ،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد اور آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی پرُزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک منظم انداز میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبد یل کی جاسکے۔انہوںنے کہاکہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اپنی اشتعال انگیز کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرنا ک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر آج پاکستان جوہری طاقت نہ ہوتا تو بھارت پاکستان کے خلاف کب کی مہم جوئی کر چکا ہوتا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے جنہوں نے آج سے بیس سال قبل جرات مندانہ فیصلے کے ذریعے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام بھارت کی پرُ تشدد کاروائیوں اور بلااشتعال فائرنگ سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور کشمیر کے عوام بھارت سے اپنے حق خود ارادیت چھین کر رہیں گے۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے انہوںنے کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ نوازشریف آزادکشمیر سے بے حد لگائو رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

انہوںنے کہاکہ اس سال کے پی ایس ڈی پی پروگرام میں بھی آزادکشمیر کو اربوں روپے کے فنڈز دیے جارہے ہیں انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو آئینی اصلاحات کے تحت مزید اختیارات منتقل کیے جارہیں جس سے آزادکشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزادکشمیر حکومت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر حکومت آزادکشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترئے گی اور آزادکشمیر میں محمدنوازشریف کے وژن کو عملی جامہ پہنچانے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھے گی۔

انہوں نے راجہ فاروق حیدر نے آزادکشمیر کے لیے نیک خواہشات اور خدمات پر وفاقی وزیر اُمور کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بطور وفاقی وزیر اُمورکشمیر انہوںنے آزادکشمیر کو ترقیاتی فنڈز اور حقوق دلوانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی اور آزادکشمیر کے عوام ہمیشہ آپ کو اپنا محسن کے طور پر یاد رکھیں گے۔ انہوںنے وزیر اُمور کشمیر کوپانچ سال وزارت کے اُمور کو بخوبی سرانجام پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد بھی پیش کی۔