مقبوضہ کشمیر ، نہتے شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائیاںریاستی دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں، یاسین ملک

بدھ 30 مئی 2018 13:53

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارتی فورسز کی طرف سے ضلع شوپیاں میں نہتے شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صریحاٴْ ریاستی دہشت گردی قرار دیا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے شوپیان کے ترکہ وانگام، سوگن اور دیگر علاقوں میں زینت الاسلام نامی ایک مجاہد کے گھر اور انکے خاندان کے دیگر گھروں اورباغات پر حملہ آورہو کر شدید توڑ پھوڑ کی جو سراسر ایک بزدلانہ کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مخالفین کے گھروں اور میوہ باغات کی توڑ پھوڑ نے ایک بار پھر بھارتی حکمرانوں اور انکے کشمیری گماشتوں کے ان بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے جو وہ وقتاً فوقتاً کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر وید نے بھی کچھ عرصہ قبل ایک بیان میں آپس میں متصادم لوگوں سے ایک دوسرے کے گھروں پر حملوں سے باز رہنے کی بات کی تھی لیکن زینت الاسلام کے گھر پرحملے، میوہ باغات کی تباہی اور گھروں کے مکینوں کی بلا لحاذ جنس و عمر مارپیٹ نے حکمرانوں کے بیانات کی اصل حقیقت واضح کر دی ہے ۔

انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے پلوامہ میں بلال گنائی نامی شہری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق بے گناہ شہری کو بغیر کسی اشتعال انگیزی کے فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔ محمد یاسین ملک نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دریں اثناء محمد یاسین ملک نے تنظیم کے رہنماء خواجہ غلام احمد بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جیل کی دعا کی۔ خواجہ غلام احمد بٹ منگل کے روز راولپنڈی میں انتقال کر گئے ۔