سیز فائر لائن کے متاثرین کے مسائل جوں کے توں ہیں، آزاد کشیر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، بیرسٹر سلطان

کھوئی رٹہ میرا سیاسی قلعہ، یہاں کے لوگ میرے جانثار ہیں، ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے باوجود آزاد کشمیر میں لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، مسئلہ حل نہ ہوا تو پی ٹی آئی راست اقدام اٹھائیگی، افطار ڈنر سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 15:47

کھوئی رٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہاء کر رہا ہے بلکہ سیئزفائر لائن کی خلاف ورزیاں کرکے نہتے خواتین اور بچوں کو بھی شہید کر رہا ہے۔ میں نے اس سلسلے میں بین الاقوامی سطح پر بھی اور عسکری قیادت کے سامنے بھی اس سلسلے میں آواز اٹھائی تھی۔

سیئز فائرلائن کے متاثرین کے مسائل جوں کے توں ہیں اور آزاد کشمیر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ کھوئی رٹہ میرا سیاسی قلعہ ہے اور آج میری گیارویں افطاری ہے لیکن جو جذبہ اور جنون میں نے آج یہاں کھوئی رٹہ میں دیکھا ہے اس سے پہلے کہیں نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

یہاں کے لوگ میرے جاں نثار ہیں آج اتنی بڑی تعداد میں افطار میں عوام کی شرکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کشمیر یہاں سے سیٹ جیتے گی۔

یہاں کے نوجوان بھی اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جس طرح یہاں کے عوام نے میرے والد کے ساتھ دوستی نبھائی آج میرے ساتھ بھی دوستی نبھا رہے ہیں اور چٹان کی طرح میرے ساتھ کھڑے ہیں۔آزاد کشمیر میںلوڈشیڈنگ عروج پر ہے چراغ تلے اندھیرے والی بات ہے آزاد کشمیر ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور یہان کی ضرورت صرف تین سو میگا واٹ ہے۔

حکومت پاکستان نے بجلی مفت دینے کی بات کی تھی یہاں تو بجلی ہی نہیں ہے جبکہ آزاد کشمیر حکومت میں تو پاکستان میں مسلم لیگ کی حکومت سے اس سلسلے میں بات کرنے کی ہمت نہیں ۔اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پی ٹی آئی کشمیر اس سلسلے میں راست اقدام اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں کھوئی رٹہ میں افطار ڈنر کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جسکی صدارت ڈاکٹر انصر ابدالی نے کی جبکہ اس جلسہ سے سابق وزیر چوہدری رفیق نیر ایڈووکیٹ، راجہ سکندر، بشیر ناز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سابق مشیر چوہدری اخلاق، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری رزاق ایڈووکیٹ،آزاد کشمیر با کونسل کے رکن جاوید شاید ایڈووکیٹ،چوہدری مطلوب اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ایک اہم لیڈر چوہدری ارشد نے مسلم لیگ ن سے مستعفی ہو کر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چوہدری ارشد نے کہا کہ ہمارا خاندان شروع سے ہی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے والد کے ساتھ چلتا رہا تاہم مقامی سطح پر اختلافات کی وجہ الگ ہوا ۔

لیکن اب پھر ہمارا پورا خاندان بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ شامل ہوا ہے۔ اس موقع پر تقریباً ڈیڑھ سو افراد نے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تمام افراد کو فرداً فرداً ہار اور پی ٹی آئی کے مفلر پہنائے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج ساری قوم اور کھوئی رٹہ کے عوام متحد ہو چکے ہیں۔

آج پھر کھوئی رٹہ کے ٹائیگر متحد ہو چکے ہیں اور آج یہاں سب میرا بازو بن گئے ہیں۔کھوئی رٹہ سیئزفائر لائن کے قریب ہے اور یہاں پر سینکڑوں دفعہ بھارتی فوجی لوگوں کو شہید اور زخمی کرچکے ہیں۔ میں حکومت سے پھر کہتا ہوں کہ یہاں کے لوگوں کو تحفظ دیا جائے اور انکے مسائل حل کیے جائیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں مسلم لیگ کی حکومت تقریباً ختم ہو رہی ہے اور مسلم لیگ کا اقتدار اب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے غروب ہو رہا ہے اور آزاد کشمیر میں اسکے چیلے چانٹے اب نئے راستوں کی تلاش میں ہیں اور عنقریب انکی پارلیمانی پارٹی آپس میں دست گریباں ہونے والی ہے۔

میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے باضمیر لوگوں سے کہوں گا کہ وہ چوہدری ارشد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو جائیں۔