Live Updates

ْشہبازشریف سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری قیادت میں لاہور پریس کلب کے وفد کی ملاقات

بلوچستان اسمبلی کی الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد نیک شگون نہیں، تاخیر ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، بلوچستان اسمبلی کی قرارداد سے قطعا اتفاق نہیں کرتا، بروقت الیکشن ہی پاکستان میں جمہوریت کیلئے سودمند ہیں ہم نے نیک نیتی سے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی اورباہمی مشاورت سے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا،سیاست عمران نیازی کے بس کی بات نہیں،وہ سیاست چھوڑ کر کسی حجرے میں جاکر بیٹھ جائیں‘وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 31 مئی 2018 20:51

ْشہبازشریف سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری قیادت میں لاہور پریس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری کر رہے تھے۔لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے صدق دل سے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے احکامات دیئے اور ان پر عملدرآمد کرایا اور ان کی کمٹمنٹ کے باعث صحافی کالونی میں 170 سے زائد پلاٹس واگزار کرائے گئے۔

اعظم چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔دیگر صوبوں میں جائیں تو لوگ کہتے ہیں صرف شہبازشریف ہی کام کرتا نظر آتا ہے۔ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد سیاسی لحاظ سے نیک شگون نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری بار جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے اورعام انتخابات میں تاخیر ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میں بلوچستان اسمبلی کی قرارداد سے قطعاً اتفاق نہیں کرتا کیونکہ بروقت الیکشن ہی پاکستان میں جمہوریت کیلئے سودمند ہیں اور پاکستان کا تابناک مستقبل بروقت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف الیکشن سے جڑا ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پانچ برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔

عوام جانتے ہیں کس نے وقت ضائع کیا اور کس نے ان کی خدمت کی ہے۔25 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ الزام تراشیاں کرنے والوں اور جھوٹ بولنے والوں نے اپنے صوبوں میں عوام کو مایوس کیا ہے جبکہ ہم نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے بے پناہ محنت کی ہے۔ پنجاب کے صحت عامہ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔

شدید گرمی کے باوجود لوڈشیڈنگ کا نہ ہونا بھی ہماری حکومت کا کریڈٹ ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کے کئی کارخانے لگائے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے بجلی کے کارخانے لگائے ہیں۔پنجاب میں لگنے والے گیس کے 4 پاور پلانٹس میں 150 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اوراورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں قوم کے 75 ارب روپے بچائے گئے ہیں اور رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ احتساب سب کا بے لاگ ہونا چاہیئے اوراسی طرح پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے تحریک انصاف نے نام واپس لے کر ایک اور یو ٹرن مارا ہے۔کیا یو ٹرن لینے والا پاکستان کے وزیراعظم کے عہدے کا حقدار ہو سکتا ہے۔ ہم نے نیک نیتی سے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی اورباہمی مشاورت سے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

عمران خان نے اس معاملے پر یو ٹرن لیا ہے اور یہی ان کا وطیرہ ہے۔نیازی یو ٹرن کے ماسٹر ہیں،سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نیازی سیاست چھوڑ کر حجرے میں جا کر بیٹھ جائیں۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد، ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان، کمشنر لاہور ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام اور سینئر صحافی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات