خیبر سے کراچی تک عوام نے کرپٹ ، دروغ گو ، غیر صادق و غیر امین حکمرانوں کے اقتدار کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ،محمد گلزار اعوان

ن لیگ کی حکومت کرپشن ، اقرباء پروری ، جھوٹے نعروں اور دھوکے بازی کے نئے ریکارڈ قائم کرکے رخصت ہو چکی جس کے سیاسی تابوت میں عوام جولائی کے الیکشن میں آخری کیل ٹھونکیں گے، افطار پارٹیوں سے خطاب

جمعہ 1 جون 2018 23:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ خیبر سے کراچی تک عوام نے کرپٹ ، دروغ گو ، غیر صادق و غیر امین حکمرانوں کے اقتدار کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ․ ن لیگ کی حکومت کرپشن ، اقرباء پروری ، جھوٹے نعروں اور دھوکے بازی کے نئے ریکارڈ قائم کرکے رخصت ہو چکی جس کے سیاسی تابوت میں عوام جولائی کے الیکشن میں آخری کیل ٹھونکیں گے ․ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں سنئیر جیالوں کی جانب سے دی جانے والی افطار پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ پی پی پی 15 سے پارٹی ٹکٹ کے امیدوار ملک جاوید اقبال ایڈووکیٹ نے نصیر آباد میںافطار کااہتمام کیا تھا جبکہ حاجی محمد گلزار اعوان نے ٹنچ بھاٹہ میں قاری غلام رسول چشتی کی دعوت پر حیدر کرار کانفرنس اور افطار ڈنر میں شرکت کی ․ اسی طرح ریلوے کالونی میں کامریڈ جلال الدین کے ہمراہ افطار ڈنر اور لین 4 میں رحمن بابر کی رہائش گاہ پر راشن تقسیم کی تقریب سے بھی خطاب کیا ․ انہو ںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کے جھوٹے وعدوں اور نعروں سے تنگ عوام نے اب فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ بھٹو شہید اور رانی شہید کے سیاسی فلسفے کے ساتھ چلیں گے اور جولائی کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کروائیں گے ․ انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف اور ان کے حواریوں سے انڈیا کے ساتھ دوستی نبھانے کا حساب بھی لیں گے ․ ن لیگ نے اپنے اقتدار کے دوران پاکستان سے زیادہ بھارتی مفادات کو تحفظ دیا ․ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک مضبوط عوامی جماعت کے طور پر اپنے گذشتہ شاندار ماضی کی جانب لوٹ رہی ہے اور الیکشن میں کامیابی کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں پی پی پی کی حکومت ہو گی ۔