Live Updates

انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی ،کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرینگے ‘(ن) لیگ

پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ،نواز ،شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ، مریم نواز ، سعد رفیق ، احسن اقبال اور دیگر کی شرکت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے،حکومت کی کارکردگی ،پارٹی منشور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال امید ہے انتخابات بروقت ہونگے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیں، نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے‘ مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی‘ سابق وزیر اطلاعات کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 جون 2018 17:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی اورپارٹی منشور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ،مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابی میدان میں اترنے اور کامیابی کے لئے پر عزم ہے ۔

ذرائع کے مطابق ماڈل ٹائون میں منعقدہ اجلاس میں سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے تاحیا ت قائد محمد نواز شریف ،مرکزی صدر محمد شہبازشریف، چیئرمین راجہ ظفر الحق ،خواجہ سعد رفیق ، احسن اقبال ،پرویز رشید ،مریم نواز ، رانا ثنا اللہ خان ، مریم اورنگزیب ،چوہدری برجیس طاہر مشاہد حسین سید،انجینئر امیر مقام ، پرویز ملک ،راجہ اشفاق سرور، ثنا اء اللہ زہری ،رانا تنویر حسین ، سائرہ افضل تارڑ ، طارق فضل چوہدری اور ملک ندیم کامران سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے سمیت موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور مختلف تجاویز پر غوروخوض کیا گیا ۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی 5 سالہ کارکردگی پر بات ہوئی جبکہ اس دوران عام انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

انہوںنے کہا کہ نگران وزیراعلی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل اختیار کیااو رپوری قوم اسے دیکھ رہی ہے ،لگتا ہے عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انتخابات بروقت ہوں گے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیں، نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی اورسرفراز بگٹی کے رویے میں کوئی فرق نہیں،جسے وزیر اعظم بننے کی جلدی ہو کیا وہ انتخابات سے بھاگتاہے بلکہ وہ تو الیکشن کمیشن کو جلد انتخابات کیلئے خط لکھتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات