کشمیری نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے بھارت اپنا موقف بدلنے پر مجبو ر ہورہا ہے، میر واعظ

بی جے پی کی حکومت نے کشمیریوں کے دبانے کیلئے ہر محاذ پر اقدامات کئے،مسئلہ کشمیر کے حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن اور ترقی ہرگز ممکن نہیں، بیان

ہفتہ 9 جون 2018 17:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری نوجوانوں کو آزادی کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے بھارت اپنا موقف تبدیل کرنے پر مجبور ہو رہا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ کشمیری عوام خاص طور پر نوجوانوں نے بے خوف ہو کر تحریک آزادی کیساتھ والہانہ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب سے بھارت میں بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت بنی ہے اس نے ایک طرف پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی کا راستہ اپنایاجبکہ دوسری طرف کشمیریوںکو ہر محاذ پر دبانے کے حربے بروئے کار لائے۔ میر واعظ نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو توڑنے کیلئے مذاکرات کے راستے مسدود کیے اور قتل و غار ت کے علاوہ قتصادی سطح پر جی ایس ٹی کے ذریعے کشمیریوں کی معاشی حالت کو کمزروکرنے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ این آئی اے اور آپریشن آل آئوٹ کے ذریعے حریت رہنمائوں ،کارکنوں اور نوجوانوں کو ٹارگٹ کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ مزاحمتی قیادت کی پر امن سرگرمیوں پر قدغنیں اور بندشیں عائد کی گئی مگر ان تمام بہیمانہ اقدامات کے باجود کشمیری اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت بھارتی فوجی جنرل بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کو طاقت اور تشدد کے بل پر حل نہیں کیا جاسکتااور نہ فوجی قوت کے بل پر کشمیریوں کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اس مسئلے سے وابستہ تینوں فریق بھارت ، پاکستان اور کشمیری مل بیٹھ کر اسکا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ترقی کی بات کرتا ہے جبکہ کشمیری بھی ترقی کے خلاف نہیں مگر ترقی امن کے بغیر ممکن نہیں اور امن تب تک قائم نہیںہوسکتا جب تک تنازعہ کشمیر حل نہیں کیا جاتا۔

میر واعظ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور ترقی ہرگز ممکن نہیں۔ انہوں نے محکموم فلسطینیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینی عوام بے انتہا مظالم اور مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔ میر واعظ نے کہا کہ عالمی برادری خاص طور پر مسلم امہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بیت المقدس کی بازیانی اور فلسطینیوں کو انکے حقوق دینے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔