برہا ن وانی کی جدوجہد نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی،روشن خورشید

وفاقی وزیرامورکشمیر کا برہان وانی کے یوم شہادت پر شہیدکو زبردست خراج عقیدت

ہفتہ 7 جولائی 2018 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2018ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا نے کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر برہان وانی شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہا ن وانی کی جدوجہداور شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور آج کشمیروں کی تیسری نسل کے پڑھے لکھے اور باشعور نوجوان حق خود ارادیت اور پاکستان سے وابستگی کا علم اٹھائے مقبوضہ کشمیر کے ہر گلی اور چورائے پر نظر آرہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج کا کشمیری نوجوان اپنے آباو اجداد سے بھی زیادہ بڑھ کر اپنا حق خودارادیت کا پیدائشی حق حاصل کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے اوربرہان وانی کے مقصد حیات کی تکمیل کے لیے آٹھ لاکھ بھارتی قابض فوج کی گولیوں اور پیلٹ گنز کا جواب پتھروں سے دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برہان وانی جیسے ہزاورں کشمیر ی نوجوانوں کے عزم کو دیکھتے ہوئے ایک طرف خود بھارتی حکومت اور فوج کے چند سابق اور موجودہ اعلی عہدیداراں اس امر کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیںکہ مقبوضہ کشمیر کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں ہے اور بھارت کو آخر کار اس دیرینہ مسلئے کے حل کے لیے مزاکرات کا راستہ اپنانا پڑے گا انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ دوسری جانب بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انتہاپسندی اور انسانی حقوق کی پامالی کے گزشتہ تمام ریکارڈز توڑ رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوںکا بے دریغ خون بہایا جا رہا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کے حالات ہر گزرتے دن کا ساتھ سنگین سے سنگین تر ہو رہے ہیں ، وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے حالات کی حساسیت کے باوجود مقبوضہ وادی میں ظلم و تشدد کی ایک نئی لہرشروع کیے ہوئے ہے اور مقبوضہ وادی میں گورنر راج جیسے قابل مزمت اقدامات اس ضمن میں بھارتی ہٹ دھرمی کی واضح عکاسی کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر کالے قوانین کے اطلاق اور گورنر راج جیسے قابل مزمت اقدامات کے باوجود بھارت حق خود ارادیت کی اس جدوجہد سے اس قدر خائف ہو چکا ہے کہ حق خودارادیت اور کشمیروں کے حقوق اٹھانے والی دختران ملت آسیہ اندابی جیسی نڈر خواتین کو بھی قید کر کے نئی دہلی منتقل کیا جا رہا ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت خواتین اور نہتے کشمیروں پر چاہے اس جیسی لاکھ بزدلانہ کاروایاں کر لے ، اس کو جان لینا چائیے کہ حق خودارادیت کا یہ کاروان کسی صورت میں رکنے والا نہیں ہے اور کشمیری بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیںگے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ نے پوری دنیا پر بھارت کا بد نما چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب بین الاقوامی برادری دہایوں سے جاری اپنی بے حسی کو ترک کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تما م فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت ظلم وتشدد کو پر زور انداز میں بے نقاب کر رہا ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں کی اس وقت تک ہر قسم کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک ان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا حق نہیں مل جاتا۔ راٹھور