آصف زرداری ،بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

سیاسی صورتحال ، انتخابی سرگرمیوں ،آصف زرداری ،فریال تالپور کی ایف آئی اے اور سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے تبادلہ خیال نام ای سی ایل میں ڈالے جانے پر تشویش کا اظہار ،قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دیدی گئی ،آئندہ کے حوالے سے بھی حکمت عملی مرتب کی گئی ‘ ذرائع ․پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی‘آصف زرداری /منفی ہتھکنڈوں سے عوا م میں جانے سے نہیں روکا جاسکتا‘بلاول بھٹو آصف زرداری کا نام بغیر کسی ثبوت کے ای سی ایل میں ڈال دیا گیا،جو کچھ پیپلزپارٹی کیساتھ کیا جا رہا ہے یہ قبل از وقت دھاندلی ہے عام انتخابات کو متنازع نہ بنایا جائے ،پارلیمان کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،کمزور لوگوں کے ذریعے پالیمان کو کنٹرول کیا جائیگا ریاست سیاسی عدم استحکام برداشت نہیں کرسکتی ،خدارا نئے سیاسی تجربات نہ کریں ‘ فرحت اللہ بابر، اعتزاز احسن، شیریں رحمان کی پریس کانفرنس

منگل 10 جولائی 2018 23:37

آصف زرداری ،بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، انتخابی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ایف آئی اے اور سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔

بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سید خورشید احمد شاہ ،قائم علی شاہ ،فرحت اللہ بابر، سید مراد علی شاہ ، رحمان ملک ،فاروق ایچ نائیک، قمر زمان کائرہ ،اعزاز احسن ،نیئر بخاری ، لطیف کھوسہ ،مولا بخش چانڈیو ،نوید قمر ،چوہدری منظور اور شیری رحمان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قیادت نے قانونی امور سے وابستگی رکھنے والے پارٹی رہنمائوں سے تفصیلی مشاورت کی اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔

اجلاس میں فاروق نائیک، اعتزاز احسن، نیئر بخاری اور لطیف کھوسہ پر مشتمل قانونی ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جو منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرے گی ۔ اجلاس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خلاف قانون قرار دیا گیا ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں ہے اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ جبکہ بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابی مہم چلانا ہمارا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالی جائیں انتخابی مہم جاری رکھوں گا،کارکن پرامن رہیں ،منفی ہتھکنڈوں سے عوا م میں جانے سے نہیں روکا جاسکتا۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آج (بدھ ) طلب کر رکھا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی منی لانڈرنگ اسکینڈل میں انہیں جمعرات کو طلب کررکھا ہے ۔اجلا س کے بعد اعتزاز احسن ، فرحت اللہ بابر اور شیریں رحمان نے میڈیا کو بریفنگ دی ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اجلاس میں آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور کیا گیا ۔

کوئی جرح نہ ہی فرد جرم عائد ہوئی اورآصف زرداری کا نام بغیر کسی ثبوت کے ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ نواز شریف کا کیس دو سال تک عدالتوں میں چلا اور سزا ہونے تک ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال اگیا ۔پیپلزپارٹی کے عہدیدار وں اور کارکنوں کو اس فیصلے پر حیرت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 35ارب کی منی لانڈرنگ آصف علی زرداری سے منسوب کر دی گئی ۔

ایف آئی اے نوٹس بلاو ل ہائوس پر چسپاں کیا ۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ایف آئی اے کی کارروائی کو مسترد کرتے ہیں،جو کچھ ہورہا ہے و ہ انتخابات سے قبل دھاندلی کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے کچھ لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں اور امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا کہا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ووٹرز کو قیادت سے بدظن کیا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں نا م تبدیل کر کے انتخاب لڑرہی ہیں اوراس کے ساتھ ایک مخصوص جماعت کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہورہی ہے ۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمان کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،کمزور لوگوں کے ذریعے پارلیمان کو کنٹرول کیا جائے گا ،عام انتخابات کو متنازعہ نہ بنایا جائے ،ریاست سیاسی عدم استحکام برداشت نہیں کرسکتی ،2018 کا نیا آئی جے آئی بن رہا ہے،خدا رانئے سیاسی تجربات نہ کریں ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ جس نے ایف آئی اے کی رپورٹ مرتب کی ہے اسے برطرف کیا جائے۔شیریں رحمان نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف چارج شیٹ جاری ہوئی نہ جرح ہوئی ،ان حالات میں بھی ہم انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح بلاول نے پنجاب میں پیر جمائے ہیں لگتا ہے کچھ لوگوں کی نیند اڑ گئی ہیں۔