ملک بھر کی جیلوں میں قید 80 ہزار شہری ’’حق اور سہولت‘‘کے باوجود انتخابات میں ووٹ دینے سے محروم

قیدی کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے مگر ووٹ دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے

جمعہ 20 جولائی 2018 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) ملک بھر کی جیلوں میں قید 80 ہزار شہری ’’حق اور سہولت‘‘کے باوجود انتخابات میں ووٹ دینے سے محروم ہیں۔جیل مینوئل کے مطابق کسی بھی قیدی کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے اور قیدی بیلٹ پیپر بذریعہ جیل انتظامیہ متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کو درخواست دے کر بیرک میں منگوا سکتا ہے تاہم قیدیوں کے ووٹ دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے۔

پنجاب کی 40مختلف جیلوں میں ایک ہزار خواتین سمیت 49 ہزار 100قیدی ہیں جبکہ سندھ کی 26جیلوں میں 200خواتین سمیت قیدیوں کی تعداد 19ہزار سے زائد ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کی 23جیلوں میں 220 خواتین سمیت 10ہزار 50اور بلوچستان کی 11مختلف جیلوں میں 20خواتین سمیت 2100سے زائد قیدی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جیل مینوئل میں انتخابی عمل کے حوالے سے سوال کرنے پر حال ہی میں آئی جی جیل خانہ جات سندھ کے عہدے سے تبدیل کئے گئے افسر نصرت منگن نے کہا کہ کسی بھی قیدی کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیدی اپنا بیلٹ پیپر جیل انتظامیہ کی مدد سے متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کو درخواست کر کے جیل میں منگوا سکتا ہے اور کاسٹ کر کے سربمہر لفافہ بھیج کر اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے۔ نصرت منگن کے مطابق قیدیوں کو اس حوالے سے شعور یا آگاہی نہیں اور جیل انتظامیہ بھی خوامخواہ کا کام بڑھنے سے گریز کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان بھر کی جیلوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اب تک ایسے خاطر خواہ انتظامات یا اقدامات سامنے نہیں آئے جن میں جیلوں میں قید مجموعی طور پر 80ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کو 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں قانونی طور پر حق ہونے کے باوجود رائے دہی استعمال کرایا جارہا ہو۔

جیل ذرائع کے مطابق مئی 2013ء کے انتخابات میں بھی قیدیوں کو اس سہولت سے استفادہ نہیں کرایا گیا جبکہ 2008ء کے الیکشن میں سندھ میں محض 10 قیدیوں کے ووٹ کاسٹ کرائے گئے تھے اور 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سندھ کی مختلف جیلوں میں اب تک ایسا ایک بھی ووٹ کاسٹ نہیں کرایا جاسکا ہے۔