Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی پاکستان پیپلز پارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے راہنمائوں سے ملاقاتیں ، نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی

ملاقاتوں میں پارلیمان کو مضبوط کرنے پر بات ہوئی،ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ میں تمام جماعتیں عوامی توقعات پر پوری اتریں،تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے،ان کی تجاویز پر غور کیا جائیگا،فواد چوہدری ملکی اور قومی مفاد میں بہتر قانون سازی میں تعاون کریں گے، سب کو پارلیمنٹ میں آ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے،سید خورشید شاہ

اتوار 12 اگست 2018 21:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے راہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ اتوار کوتحریک انصاف کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ان سے قومی اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ، انہیں نئے وزیر اعظم کی حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

پی ٹی آئی کے وفد میں ترجمان فواد چوہدری، شفقت محمود، پرویز خٹک، عمر ایوب خان ، نامزد سپیکر اسد عمر شامل تھے۔ پی ٹی آئی وفد نے بعد ازاں پیپلز پارٹی کے راہنمائوں سید خورشید شاہ، سینٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان، اور نوید قمر سے ملاقات کی اور ان سے قومی اہمیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقاتوں میں پارلیمان کو مضبوط کرنے پر بات ہوئی،ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ میں تمام جماعتیں عوامی توقعات پر پوری اتریں،تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے،ان کی تجاویز پر غور کریں گے۔ہم نے پارٹی قائدین کو حلف برداری میں شرکت کے دعوت نامے دیئے ہیں، امید ہے وہ حلف برداری میں شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا عمران خان کو عالمی لیڈر کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔ہم نے پارلیمانی راہنمائوں سے ملاقات میں ان سے پارلیمان کو مضبوط کرنے پر بات کی ہے، خورشید شاہ کو درخواست کی کہ وہ اسد قیصر کے حق میں دستبردار ہوجائیں،ایاز صادق اور خورشید شاہ سے اچھی گفتگو ہوئی،اس سے تعاون کے لئے نئے راستے نکلیں گے۔

خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئی کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے ملکی اور قومی مفاد میں بہتر قانون سازی میں تعاون کریں گے، سب کو پارلیمنٹ میں آ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔پی ٹی آئی کے وفد سے ایوان میں قانون سازی پر بات ہوئی ہے۔ہم نے پی ٹی آئی وفد کا خیرمقدم کیا۔بعدازاں تحریک انصاف کے راہنمائوں نے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی اور دیگر سے بھی ملاقات کی اور ان کو حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی، پارلیمنٹ لاجز میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھی حلف برداری میں مدعو کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات