کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر یہ ثابت کر دیا وہ بھارتی قبضے کیخلاف ہیں ،راجہ مشتاق منہاس

بھارتی فوج کی ایما پر بھارت کی سپریم کورٹ 35 اے کو ختم کرنے کی جو کوشش کر رہی ہے اس سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکا ر ہو جائے گا،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 15 اگست 2018 17:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف ہیں اور بھارت سے ہر صورت مقبوضہ کشمیر آزاد کروا کر دم لیں گے۔بھارتی فوج کی ایما پر بھارت کی سپریم کورٹ 35 اے کو ختم کرنے کی جو کوشش کر رہی ہے اس سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکا ر ہو جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے دوران سرینگر میں مکمل ہڑتال رہی،ترنگے کو جلایا گیا اور جگہ جگہ سیاہ پرچم لہرائے گیے،آزادکشمیر بھر میں بھارت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں،دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کشمیری عوام اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں حق خودارادیت دیا جائے۔انہوں نے کہا بھارتی فوج نے کشمیریوں پر ظلم ستم کے جو پہاڑ ڈھائے ہیں اور انسانی حقوق کی جو دھجیاں اڑائی ہیں عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو ان مظالم سے باز رکھنے کیلیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی چاہت صرف پاکستان ہے،الحاق پاکستان کیلیے 6 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے شہادتیں دی ہیں،ہزاروں معذور ہوے،لاکھوں بے گھر ہوے مگر پاکستان اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ کشمیریوں کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا بھارت جتنا زیادہ ظلم کرتا جاتا ہے آزادی کی تحریک کا کشمیریوں کا جذبہ مزید توانا ہو رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے عظیم کشمیری شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔