صدر پاکستان کی عہدے پر فائز رہنے والی شخصیات،ملک کے پہلے صدر اسکندر مرزا تھے

فضل الٰہی چوہدری 1973ء کے آئین کے تحت پاکستان کے پہلے صدر منتخب ہوئے،1978ء تک پاکستان کے صدر رہے

پیر 3 ستمبر 2018 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2018ء) پاکستان کے تیرہویں صدر کا انتخاب آج (منگل ) ہوگا لیکن نئے صدر سے پہلے پاکستان میں کون کون سے شخصیات صدر کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں ان میں ملک کے پہلے صدر اسکندر مرزا 23مارچ 1956ء سے 27اکتوبر 1958ء تک مملکت پاکستان کے صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سیاسی بحران کے سبب 27مارچ 1958ء کومارشل لاء کے چیف ایڈمنسٹریڑ فیلڈ مارشل ایوب خان نے انہیں برطرف کر دیا۔

ملک کے دوسرے صدر ایوب خان تھے ۔ جو ریخ میں پاکستان کے پہلے فوجی آمر کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ایوب خان 27اکتوبر 1958ء سے سے 25مارچ 1969ء تک صدر کے عہدے پر فائز رہے۔پاکستان کے تیسرے صدر یحییٰ خان تھے۔ صدر ایوب خان نے اپنے دور صدارت میں انہیں 1966میں بری فوج کا سربراہ نامزد کیا۔

(جاری ہے)

یحییٰ خان نے 25مارچ 1969ء میں ایوب خان کے استعفے کے بعد عہد صدارت بھی سنبھال لیا۔

یحییٰ خان کے یہ دونوں عہدے سقوط ڈھاکہ کے بعد 20دسمبر 1971ء میں ختم ہوئے۔پاکستان کے چوتھے صدر ذوالفقار علی بھٹوتھے جنہیں 20دسمبر 1971ء میں جنرل یحییٰ خان نے پاکستانی حکومت کی ذمہ داریاں سونپی۔ وہ 20دسمبر 1971ء سے 13اگست 1973ء تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔فضل الٰہی چوہدری 1973ء کے آئین کے تحت پاکستان کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔ فضل الٰہی چوہدری 14اگست 1973ء سے 16ستمبر 1978ء تک پاکستان کے صدر رہے ۔

16ستمبر 1978ء کو جنرل ضیاء الحق کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد مستعفی ہو گئے۔فضل الٰہی چوہدری کے مستعفی ہونے کے بعد ضیاء الحق پاکستان کے چھٹے صدر بن گئے۔ انہوں نے 16ستمبر 1978ء کو صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا جس کے بعد 17اگست 1988ء تک صدررمملکت کے عہدے پر فائز رہے۔ان کی وفات 17اگست 1988ء کو فضائی حادثے میں ہوئی۔پاکستان کے ساتویں صدر غلام اسحاق خان نے 17اگست 1988ء کو ضیا الحق کی موت کے بعد صدر مملکت کے فرائض سنبھالے اور 18جولائی 1993ء تک صدر کے عہدے پر فائز رہے۔

پاکستان کے آٹھویں صدر سردار فاروق احمد خان لغاری نے 14نومبر 1993ء کو پیپلز پارٹی کے دورے حکومت میں صدارت کا منصب سنبھالا اور 2دسمبر 1997ء تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔پاکستان کے نویں صدر محمد رفیق تارڑ یکم جنوری 1998ء کو صدر مملکت بنے ان کے دور میں تیرہویں ترمیم کے ذریعے مکمل طور پر کمی کر دی گئی 1999ء میں جنرل پرویز مشرف کی طرف سے میاں نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور وہ 20جنوری 2001ء تک صدر رہے۔

پاکستان کے دسویں صدر پرویز مشرف تھے۔ جنہوں نے 20جون 2001ء کو صدارتی استصوابِ رائے کے ذریعے صدر کا عہدہ اختیار کیا۔ جس کے بعد وہ 18اگست 2008ء تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔ پرویز مشرف نے 18اگست 2008ء کو قوم سے خطاب کے دوران اپنے استعفے کا اعلان کیا۔پاکستان کے گیارہویں صدر کے لیے آصف علی زرداری کا نام اگست 2008ء میں الطاف حسین نے تجویز کیا جس کے بعد پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر 6ستمبر 2008ء کوانہیں صدارتی انتخاب کے لیے نامزد کر دیا۔ آصف علی زرداری 9ستمبر 2008ء سے 9ستمبر 2013ء تک صدر پاکستان رہے۔پاکستان کے بارہویں صدر مملکت ممنون حسین نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 9ستمبر 2013ء کو صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ان کی صدر مملکت کی مدت 8ستمبر 2018ء کو مکمل ہو رہی ہے۔