فاروق رحمانی کا بھارت کے جارحانہ رویے ، جنگی جنون اور کشمیری نوجوان کے قتل عام پر اظہار تشویش

خطے کا بنیادی مسئلہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانا اورجموںو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانا ہے، جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ

منگل 25 ستمبر 2018 17:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھارت کے جارحانہ رویے ،جنگی جنون،پاکستان کے ساتھ بات چیت منسوخ کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہارکیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج کے ہاتھوںنوجوانوں کے قتل عام ،لاشوں کی بے حرمتی ،بھارت میںنام نہاد گائو رکشا کے نام پراور ہجوم کے ذریعے مسلمانوں کو شہیدکئے جانے کے واقعات کوامن ،سیاسی مسائل بالخصوص کشمیر کے پرامن حل، تجارت کے فروغ اور پسماندہ ممالک میں سائنسی بنیادوں پر ترقی کے لیے خوفناک علامات قراردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خطے کا بنیادی مسئلہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانااور جموںوکشمیر میںبھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میںسلامتی کونسل کی قراردادوں کی صورت میں اقوام متحدہ کا روڈ میپ موجود ہے اور یہ خطے کے امن واستحکام کے لیے ضروری ہے کہ عالمی ادارہ علاقے میںقتل و غارت روکنے اور دو جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کوکم کرانے کے لیے تینوں فریقوں یعنی پاکستان ، بھارت اور کشمیریوںسے مل کرمسئلے کا پرامن حل تلاش کرے۔ محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ پرزوردیا کہ وہ اس سلسلے میں کشمیر میں اپنا مشن شروع کرے۔