Live Updates

آشیانہ کیس میں حکومت کا پائی کا نقصان نہیں ہوا،حمزہ شہباز

شہبازشریف کوچوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کرنے پرگرفتار کیا گیا،چوہدری لطیف کرپشن کیس کا مفرورہے جبکہ اس کومیٹروپشاورکا ٹھیکہ دے دیا گیا، نیازی صاحب! جتنی مرضی گرفتاریاں کرلو،پیچھا نہیں چھوڑیں گے، نوازشریف کا بھتیجا اور شہبازشریف کا بیٹا ہونے پرفخرہے۔مرکزی رہنماء حمزہ شہبازشریف کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اکتوبر 2018 19:46

آشیانہ کیس میں حکومت کا پائی کا نقصان نہیں ہوا،حمزہ شہباز
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ میں حکومت کا پائی کا نقصان نہیں ہوا،شہبازشریف کوچوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کرنے پرگرفتار کیا گیا،چوہدری لطیف کرپشن کیس کا مفرورہے اور اس کومیٹروپشاور کا ٹھیکہ دے دیا گیا، نیازی صاحب! جتنی مرضی گرفتاریاں کرلو،پیچھا نہیں چھوڑیں گے، فخر ہے میں نوازشریف کا بھتیجا اور شہبازشریف کا بیٹا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء حمزہ شہبازنے اپنے والد شہبازشریف کی گرفتاری پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات ہوں یا ضمنی الیکشن ہوں صرف ن لیگ کے لوگوں کوگرفتار کیاجاتا ہے۔یہ کام نیب انجام دے رہی ہے۔کنٹینر والوں کی زبان میں بات نہیں کروں گا نہ ہی یہ مسلم لیگ ن کا شیوہ ہے۔

(جاری ہے)

عوام کوبتانا چاہتا ہوں کہ جس کیس میں شہبازشریف کوگرفتار کیا گیا، اس میں حکومت کا ایک پائی کا بھی نقصان نہیں ہوا۔

آشیانہ کاچوہدری لطیف ٹھیکیدار تھا جس نے اورنج لائن میں بھی خرد برد کی ، نیب نے نوٹس لیا۔ سرگودھا میں ایک پراجیکٹ میں کرپشن کیس کاملزم تھا تونیب کو10گنا رقم دے کراس نے پلی بارگین کی،اور نیب سے اپنی جان چھڑوائی۔ بورڈ کی فائنڈنگ پرٹھیکہ منسوخ کیا گیا۔چوہدری لطیف ملزم تھا۔ انٹی کرپشن میں کرپشن کیس میں مفرور ہے۔ لیکن اس کونیازی کے دور میں پشاور میٹرو کا ٹھیکہ دے دیا گیا۔

مفرور ہے لیکن کوئی گرفتار نہیں کرتا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ نندی پور میں کروڑوں کا خرد برد ہے۔نیازی صاحب آپ کوبھی نیب بلاتی ہے آپ نے بھی ہیلی کاپٹر کا غلط استعمال کیا ہے۔جب نیب تم کوبلاتی ہے کہ تم آؤ اور جواب دو۔ لیکن آپ وزیراعظم بن کرچیئرمین نیب سے ملاقات کرتے ہو۔نیب کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد جمع کروا دی۔فواد چودھری کہتے ابھی بڑی گرفتاریاں ہونی ہیں۔

یہ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ جلاوطنی کے دور میں مجھے 10سال تک لاہور سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ایک دن نیب ڈی جی نے مجھے اندر بلایا اور کہا آپ کے خاندان کے خلاف کچھ نہیں نکلا۔اس دور میں نیازی صاحب آپ مشرف کی گود میں بیٹھا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ابھی دھاندلی کا زخم ٹھیک نہیں ہوا آپ نے دھونس بھی شروع کردی۔ ہاں آپ نے بھینسوں کی نیلامی کی اس پرشاباش دیتا ہوں۔

انڈین میڈیا والوں نے اس کا مذاق بنایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ سیاست ہے اس میں جیلیں کاٹنا پڑتی ہیں، پھانسیاں بھی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے میں نوازشریف کا بھتیجا اور شہبازشریف کا بیٹا ہوں۔ مجھے انہوں نے حکومت کرنانہیں سکھایا۔بلکہ کہا بیٹا کفن کی جیب نہیں ہوتی۔نوازشریف 119پیشیاں بیٹی کے ہمراہ بھگتا ہے اور عدالت کولکھنا پڑا کہ کرپشن نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب،قوم نے نوازشریف کو ووٹ دیے ہم سب سے بڑی جماعت بن کرابھرے ہیں۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ آپ نے 4 ووٹوں سے حکومت بنالی ۔ اب ڈر ہے اس لیے ضمنی الیکشن میں سیٹیں جیتنے کیلئے پکڑ دھکڑ شروع کردی۔ قوم کے دل میں جگہ حکومت سے نہیں بنتی۔ لولی لنگڑی حکومت ہوا میں معلق ہے نیازی صاحب کوضمنی الیکشن سے پریشانی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جس کیس میں شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا اس نیب کیس میں قومی خزانے کوایک پائی کا نقصان نہیں ہوا۔

یہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کیے۔بنی گالہ کوبھی نوٹس موصول ہوا ہے لیکن عمران خان نے تونوٹس موصول بھی نہیں کیا۔علیم خان سب سے بڑا قبضہ مافیا ہے۔جبکہ آپ نے کہا تھا کہ میں خود یہ احتساب شروع کروں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب قتل میں دیت کربری ہوا۔ حمزہ نے کہا کہ چین جیسا کہتا ہے کہ پنجاب میں ترقی ہوئی ، شہبازشریف شہبازاسپیڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیب سے گٹھ جوڑ کرکے جو شوق پورا کرنا ہے کرلو، اس سے آپ کا بغض بے نقاب ہورہا ہے۔ قوم نے آپ کے سب دعوے دیکھ لیے ہیں۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ جو کرپشن کیس میں مفرور ہے آپ پشاور میٹرو بس کا 71 ارب کا ٹھیکہ دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے یہی روش جاری رکھی توپھر ایوانوں اور سڑکوں دونوں جگہوں پرجنگ لڑیں گے۔یہ نیب کے پیچھے نہیں چھپ سکتے ان کوجواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ہدایت پرقومی اسمبلی کے اجلاس میں ریکوزیشن دی جارہی ہے۔ شہبازشریف اپوزیشن لیڈر ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کروائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات