مقبوضہ کشمیر، سکھوں نے بھی نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کااعلان کر دیا

کشمیر سیاسی مسئلہ ہے ،فوجی طریقے سے نہیں ،سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے ،مقررین کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 20:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سکھوں نے بھی نام نہاد پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سکھ تنظیموں’’ سکھ انٹلیکچول سرکل،انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن اورسکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن‘‘ کا ایک مشترکہ اجلاس ایس نریندر سنگھ خالصہ کی قیادت میںجموں میں منعقد ہوا۔

اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہریوں کے قتل ، غیر قانونی نظر بندیوں، دفعہ 35اے کو ختم کرنے کی کوششوں اور بھارت کی طرف سے سکھوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف نام نہاد بلدیاتی اور پنچایت انتخابات کابائیکاٹ کیا جائے گا۔ اجلاس کے مقررین نے کہاکہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے فوجی طریقے سے نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ہی حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک سکھ رہنمائوں ایس راجندرسنگھ ، ایس رنجیت سنگھ ،ایس امن جوت سنگھ،ایس دویندرسنگھ ،ایس منموہن سنگھ ،سریندرسنگھ اورایس منجیت سنگھ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے ذریعے حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے ۔ انہوں نے نام نہاد انتخابات کے روز مشترکہ حریت قیادت کی ہڑتال کی کال کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔