مقبوضہ کشمیر،ڈھونگ انتخابات کا بائیکاٹ بھارت اور اس کے مقامی حاشیہ برداروں کیلئے چشم کشا ہے، مسلم لیگ

قابض حکام نے انتخابی ڈرامے کوکامیاب بنانے کیلئے ریاست کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیاہے،بیان

پیر 15 اکتوبر 2018 18:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموں وکشمیر نے ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کو کشمیری عوام کی طرف سے ایک بار پھر مسترد کئے جانے کو بھارت اور اس کے مقامی حاشیہ برداروں کے لئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنے جان و مال کی قربانیاں پیش کرنے والوں کے لئے یہ انتخابات کوئی معنی نہیں رکھتے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ڈھونگ انتخابات کے بائیکاٹ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی حکام نے یہ انتخابات منعقد کرانے کے لئے قید و بند کا سلسلہ دراز کیا اورمزاحمتی رہنمائوں،کارکنوں اورنوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کیا لیکن کشمیری عوام نے خائف ہونے کے بجائے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے س ڈرامے کو ناکام بنادیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قابض حکام نے انتخابی ڈرامے کوکامیاب بنانے کے لیے ریاست کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا اور انتخابات کی رپورٹنگ کرنے پربھی پابندی عائدکردی۔ترجمان نے حریت رہنما مشتاق الاسلام کو مقررہ تاریخ پرعدالت میں پیش نہ کرنے کی بھی مذمت کی ۔مشتاق الاسلام کوچند ماہ پہلے گرفتار کیا گیا تھا اوروہ اس وقت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند ہیں۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے تحریک وحدت اسلامی کے ایک وفدکو شہید منان وانی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھرجاتے ہوئے راستے میں ہی گرفتار کرلیاہے۔وفد میں خادم حسین، خواجہ مقبول ماگامی، گلشن عباس، فیاض احمد،محمد امتیاز اور افضل بہار شامل تھے۔