بھارت کوبلدیاتی انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کی وجہ سے شکست کا سامنا کرناپڑا، یاسین ملک

بھارت عالمی سطح پر بے نقاب ہوگیا ہے، وہ انتخابات میں لوگوں کی شرکت کو اپنے حق میں ریفرنڈم کے طورپر پیش کرتارہا ہے، سیرت کانفرنس سے خطاب

پیر 19 نومبر 2018 16:24

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کی طرف سے حال ہی میں ہونے والے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے حیدرپورہ سرینگر میں ایک سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے کیونکہ وہ انتخابات میں لوگوں کی شرکت کو اپنے حق میں ریفرنڈم کے طورپر پیش کرتارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ فوجی چھائونیوں کے علاقوں میں لوگ فوج کی اجازت کے بغیر سانس بھی نہیں لے سکتے اور لوگوں کے تمام معاملات فوج چلاتی ہے لیکن 17نومبر کو گاندربل اور کھنموہ جیسے علاقوں میں بھی لوگ انتخابات سے دور رہے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے بھارت نواز سیاسی جماعتوں کی طرف سے تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کرائے پر حاصل کئے گئے لوگوں کے ذریعے سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اب یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ نیشنل کانفرنس پی ڈی پی اور بی جے پی سے بہتر ہے تاکہ پی ڈی پی کا متبادل پیش کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچانے کیلئے آجکل اسی طرح کی مہم کرائے کے لوگوں کے ذریعے چلائی جارہی ہے تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے ماحول تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت نواز سیاسی جماعتوں کے عزائم سے واقف ہیں اور وہ اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ یاسین ملک نے 23کشمیری سیاسی قیدیوں کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے بھارتی ریاست ہریانہ کی جیل میں منتقل کرنے کی مذمت کی جن پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہے اوروہ مسلسل فوجی طاقت استعمال کررہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں سمیت تمام مزاحمتی قیادت جیلوں میں ہے۔ یاسین ملک نے کہاکہ بھارت کی پالیسی واضح ہے اور اس کوجنوبی کشمیر میں دیکھا جاسکتا ہے جہاں محاصروں اور تلاشی کارروائیوں کی آڑ میں روزانہ نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر عمر کے لوگوں پرتشدد کیا جارہا ہے اور ان کومعذور اور گرفتارجبکہ املاک کو تباہ کیا جارہا ہے۔