حکومت کا نیا کراچی پیکج توڑ پھوڑ پر مبنی ہے، فاروق ستار

100روزہ پلان میں کوئی عوامی سکیم متعارف نہیں کروائی گئی، قومی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، تمام بڑے اہداف تیزی سے نیچے کی طرف جارہے ہیں۔مرکزی رہنماء ایم کیوایم فاروق ستارکی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 دسمبر 2018 15:45

حکومت کا نیا کراچی پیکج توڑ پھوڑ پر مبنی ہے، فاروق ستار
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر 2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت کا نیا کراچی پیکج توڑ پھوڑ پر مبنی ہے،100روزہ پلان میں کوئی عوامی سکیم متعارف نہیں کروائی گئی،قومی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے،تمام بڑے اہداف تیزی سے نیچے کی طرف جارہے ہیں۔انہوں نے آج یہاں وفاقی حکومت کے 100روزہ پلان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنے سوروزہ پلان میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا ہے۔

حکومت نے 100دن کے پلان میں کوئی عوامی سکیم نہیں دی۔تمام بڑے اہداف تیزی سے نیچے کی طرف جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔حکومت کا نیا کراچی پیکج توڑ پھوڑ پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔

(جاری ہے)

ڈالر کی قیمت بڑھنے سے غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔فاروق ستار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی آڑ میں جائز دکانوں کو گرادیا گیا اور لوگوں کے کاروبار کو تباہ کیا گیا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کردیا ہے۔  مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کے پہلے 100 دن میں سو جھوٹ بولے گئے ہیں،وزیراعظم کے پاس اہلیت ہے نہ ان کو چیلنجزکا احساس ہے۔

ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پاکستان پر 600 ارب روپے قرض بڑھ گیاہے، معیشت بہتر نہیں ہو گی تو روزگار کیسے بڑھے گا،ہم نے معاشی گروتھ 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی، خدشہ ہے یہ سطح کم ہو جائیگی۔ مہنگائی اور افراط زر میں ان تین ماہ میں جتنا اضافہ ہوا کسی دور میں نہیں ہوا،حکومت بتائے جعلی اکاونٹس میں پیسے کس کے ہیں۔ ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر وں پر کوئی بات نہیں کی ،50 لاکھ گھروں کیلئے 5 کھرب روپے چاہئیں بتایا جائے یہ کہاں سے آئینگے۔

حکومت خود اپنی بدنامی کر رہی ہے کہ چوری ہو رہی ہے جسے ہم روک نہیں سکتے، حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی گرتی قیمتوں پر منافع خوری کر رہی ہے۔ ہماری معاشی اور مالی پالیسی کو پوری دنیا نے سراہا تھا، افسوس کی بات ہے 100 دن میں وزیراعظم نیب میں ایک چپڑاسی بھی بھرتی نہ کر سکے۔ مفتاح اسماعیل کی پیش کردہ معاشی اصلاحات ہی کرپشن اور منی لانڈرنگ روکنے کا واحد طریقہ تھا، حکومت پالیسی کو فالو کرے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مسائل ختم ہو جائینگے۔ تحریک انصاف نے 15، 20 سال میں قوم کو صرف اور صرف جھوٹ اور دھوکے میں رکھا۔