ریاست کے تشخص اور وقار پر کوئی انچ نہیں آنے دونگا اور نہ ہی ایک رائی برابر پیچھے ہٹوں گا،راجہ فاروق حیدر

اہلیان میرپور کی پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے بڑی قربانیاں ہیں متاثرین کے مسائل حل کریں گے اور میرپور کو ترقی یافتہ شہر بنائیں گے وزیر اعظم آزاد کشمیرکی ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

اتوار 16 دسمبر 2018 16:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مقبوضہ کشمیر پلوامہ میں 14 نہتے کشمیریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں آخری کشمیری کی شہادت کا انتظار نہ کریں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں میں ہونے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نو ٹس لیں.بھارت کشمیریوں کی بے دریغ شہادتیں کرکے اپنے مذ موم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا وفد کی قیادت صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری عبدالعزیز ایڈووکیٹ کررہے تھے جبکہ اس موقع پر وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید،سابق امیدوار اسمبلی نذیر انقلابی،پرنسپل سیکرٹری راجہ اعجاز خان،ڈپٹی کمشنر سردار عدنان خورشید خان،ایس ایس پی ریاض حیدر بخاری ،سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن حاجی منصف داد ایڈووکیٹ،سابق وائس چیئرمین راجہ خالد محمود ایڈووکیٹ،سابق پراسکیوٹر ریاض نوید بٹ ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل بارعمر زاہد جرال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر بار نے وزیراعظم کو بار کی طرف سے میرپور میں منعقدہونیوالی کشمیر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جوانھوںنے قبول کرتے ہوئے کہاکہ کالے کوٹ والوں سے حکومت اور عوام کو بڑی توقعات ہیں انہیں قومی ایشو کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاںبھرپور انداز میں ادا کرنی چائیں، وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کے تشخص اور وقار پر کوئی انچ نہیں آنے دونگا اور نہ ہی ایک رائی برابر پیچھے ہٹوں گا ۔اہلیان میرپور کی پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے بڑی قربانیاں ہیں متاثرین کے مسائل حل کریں گے اور میرپور کو ترقی یافتہ شہر بنائیں گے، انہوں نے وکلا کی لائبریری اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔