شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی 11ویں برسی (کل)عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے علاوہ سیمینار اور تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا برسی کا سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہوگا جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شرکت کرے گی،تیاریاں مکمل کرلی گئیں

بدھ 26 دسمبر 2018 19:10

شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی 11ویں برسی (کل)عقیدت و احترام سے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2018ء) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی 11ویں برسی کل (جمعرات)ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے علاوہ سیمینار اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مقررین بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے جبکہ پیپلزپارٹی(ورکرز) بھی بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے طور پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے علاوہ دیگر تقریبات کا انعقاد کرے گی۔

بینظیر بھٹو کی ساتویںبرسی کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے ہو گا، سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش میں ہوگا جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

گڑھی خدابخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی11 برسی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر نوڈیرو میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا ہے۔

اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری نے کی ۔برسی کے موقع پر عام لنگر بھی تقسیم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش تک شٹل سروس بھی چلانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔برسی کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ٹریفک کے نظام کو مربوط بنانے کیلئے ایک ہزار ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔

گڑھی خدا بخش بھٹو اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں۔ گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے سینئر رہنما خطاب کریں گے۔ ادھر سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 11 ویں برسی پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلی سندھ ڈاکٹر مراد علی شاہ نے عام تعطیل کی باقاعدہ منظوری دے دی۔محکمہ سروسز سندھ کی جانب سے چھٹی کی سمری حکومت کو ارسال کی گئی جیسے مراد علی شاہ نے منظور کر لیا۔واضح رہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو21 جون 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، ان کی شادی 1987 میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ہوئی،2 دسمبر 1988 سے 6 اگست 1990 تک پاکستان کی وزیر اعظم رہیں،اس کے علاوہ 19اکتوبر 1993 کو دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں، 4 نومبر 1996 کو اس وقت کے صدر فاروق احمد لغاری نے بینظیر کی حکومت کو برطرف کر دیا، وہ 2 بار لیڈر آف اپوزیشن بھی رہیں، 2007 میں بے نظیر بھٹو جلاوطنی کے بعد واپس وطن پہنچیں تو کارساز میں انکے استقبال کیلئے آنیوالے جلوس پر بم حملے کیے گئے اور 150 افراد شہید ہو گئے ،27 دسمبر 2007 کو انہیں لیاقت باغ راولپنڈی میں شہید کر دیا گیا۔