Live Updates

قابض انتظامیہ نے ایک ہزار سے زائد حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو نظربند کررکھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ظالمانہ پالیسی کامیاب نہیں ہوگی

پیر 7 جنوری 2019 20:04

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2019ء) جنوری (کے ایم ایس )مقبوضہ کشمیر میںقابض انتظامیہ نے ایک ہزار سے زائد حریت پسند رہنمائوں اورکارکنوںکو غیرقانونی طورپر کشمیر کے مختلف حراستی مراکز اور بھارت کی جیلوں میںنظربند رکھا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ان میں سے 500سے زائد افراد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیا ہے جبکہ 16کوبھارتی ایجنسیوں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تہاڑ جیل میں نظربند کررکھا ہے۔

دیگر لوگوںکو مختلف تھانوں اور تفتیشی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ شبیر احمد شاہ ،نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، الطاف احمد شاہ،ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈاراور سید شاہد شاہ سمیت مزاحمتی رہنمائوں کوجھوٹے کیسوں میں دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند رکھاگیا ہے جبکہ مسرت عالم بٹ، غلام محمد خان سوپوری، مشتاق الاسلام، مولانا برکتی، محمد یوسف میر، فاروق احمد توحیدی، حکیم عبدالرشید، غلام احمد گلزار، نثار حسین راتھر، عمرعادل ڈار، شکیل احمد بخشی اور فیروا حمد خان سمیت دیگر حریت رہنماکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند ہیں۔

(جاری ہے)

محمد قاسم فکتو اور محمد شفیع شریعتی جیسے رہنماعمرقید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو حق خودارادیت کے اصول پر حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت طاقت کے بل پر اس ناقابل تنسیخ حق کے لیے کشمیریوں کے عزم کو نہیں توڑ سکتا۔

انہوں نے کشمیر کے حوالے سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے لیے حوصلہ افزاء قراردیا۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں نے شہید سجاد احمد کینو کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سجاد کینو جیسے شہداء کشمیری عوام کے اصل ہیرو ہیںاور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات