Live Updates

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر

پاکستان اور سعودی سپریم کوآرڈینشن کونسل قائم ‘شہزادہ محمد بن سلمان اور عمران خان نگرانی کریں گے‘ فواد چوہدری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 فروری 2019 22:18

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2019ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر ہوگئی ہے. دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کا اعلان کیا ہے تاہم اس کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے. دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17 اور 18 فروری کو پاکستان کے دورے پر ہوں گے اور یہ کہ ان کی آمد پر طے شدہ پروگرامز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے.

وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد میں شامل افراد کی سکیورٹی کے لیے چار سطح پر مشتمل سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے.

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق سعودی ولی عہد کی سکیورٹی کے لیے تین ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات ہوں گے. پنجاب پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پہلے ان کے زیر استعمال دس سے زیادہ بلٹ پروف گاڑیاں بھی اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں جبکہ ان کی سکیورٹی پر تعینات ایک سو سے زیادہ گارڈز بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں.

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی سپریم کوآرڈینشن کونسل قائم کی گئی ہے. فواد چوہدری نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب اور وزیراعظم عمران خان پاکستان کی جانب سے سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی نگرانی کریں گے. انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوں گے. وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری گزشتہ 10سال کےدوران ہونےوالی سرمایہ کاری سےزیادہ ہے. فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی شہزادے کے استقبال کے لیے وزیراعظم خود ایئرپورٹ جائیں گے‘انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے دوستی کے لیے حکومت اوراپوزیشن اکٹھی ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات