مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوجیوں نے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا

نوجوانوںکی شہادت پرزبردست مظاہرے ،بھارتی فوجیوں کی آنسو گیس کی شیلنگ ،مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھارت جنگ کی باتیں ترک کر کے پاکستان کے ساتھ مسائل بات چیت کے ذریعے حل کر ے،چیئر مین حریت فورم

جمعہ 22 فروری 2019 19:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو سوپور قصبے میں وار پورہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوںکی شہادت پرعلاقے کے لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست مظاہرے کیے ۔

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔قابض انتظامیہ نے سوپور میں پابندیاں نافذ کر دیں اور موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔ دریں اثنا سرینگر میں لالچوک اور اسکے ملحقہ علاقوں کے تاجروں نے جموں اور مختلف بھارتی ریاستوں میں کشمیریوں پر حملوںکے خلاف ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں انتہا پسندہندوئوں کے ہاتھوں بھارتی شہر جے پور کی جیل میں قید ایک پاکستانی کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگ کی باتیں ترک کے پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرے۔

انہوں نے بھارت کے مختلف حصوں میں ہندو جنونیوں کے حملوں کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کو تحفظ فراہم کرنے پر سکھ برادری کے افراد کے شکریہ ادا کیا۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر کے علاقے آبی گزر میں ایک اجتماع سے خطاب جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن موسو ی الصفوی نے بھی ایک بیان میں جموں اور بھارتی شہروں میں کشمیریوں پر ہونے والوں حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختا ر احمد وازہ کو اسلام آباد قصبے میں گرفتار کر کے گھر میں نظر بند کر دیا۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے انسداد دہشتگردی سکواڈ نے ضلع سہارنپور میں دیوبند سے دو کشمیری نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات میں گرفتار کر لیا۔ کانگریس کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع جتیندرا سنگھ نے بھارتی راجستھان کے شہر الوار میں ایک بیان میں کہا کہ پلوامہ دھاکہ بھارتی حساس اداروںکی ایک بڑی ناکامی کا نتیجہ ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) کے جنرل سیکرٹری سیتا رام پچوری نے اپنی فیس بک کی پوسٹ میں لکھا کہ بھارتی حکومت ایک حکمت علمی کے تحت ایک ایسی صورتحال پید ا کر رہی ہے جس میں کشمیریوں کے خلاف تشددکی کالیں دی جا رہی ہیں اور ان پر عمل کیا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیا اتر پردیس کے مظفر نگر علاقے میں کسانوں کی ایک تنظیم نے ایک شوگر مل کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ہاں کام کرنے والے کشمیریوں کو فوری طور پر نکال دے یا پھر سخت نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔

جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے برطانیہ کے شہر بریڈفوڈ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی پارلیمنٹ کے برطانوی ارکان کی طرف سے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی سب کمیٹی میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے حق میں موثر انداز میں آواز اٹھانے کے حوالے سے انکی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے حال ہی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرنے والے پوریی پارلیمنٹ کے ارکان کی ایک بھارتی اکثر یت نے بھارت پر زو ر دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مظالم بند کرے اور علاقے میں ہونیو الی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔ راجہ نجابت کے ہمراہ انکے ساتھی سردار عبدالرحمان خان، راجہ غضنفر خالق، محمد بوٹاہیری اور محمد رشید چودھری میں تھے۔