Live Updates

ہماری سرحدیں ایٹمی طاقت کی وجہ سے محفوظ ،بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنیوالے طیارے بھی نواز شریف کا تحفہ ہے ‘مسلم لیگ (ن)

ہم نے اپنا کرداراداکیا، تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں مگر پارلیمانی اجلاس میں عمران خان نے اپنی انا اپنی عزت سے آگے رکھی پاکستان پر امن ملک ،ہم جنگ نہیں چاہتے ،جہاں نواز شریف اور واجپائی کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے تھے دونوں ملک وہیں سے شروع کریں انجینئر امیر مقام ، طلال چوہدری اور سینیٹر آصف کرمانی کی نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 فروری 2019 14:56

ہماری سرحدیں ایٹمی طاقت کی وجہ سے محفوظ ،بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنیوالے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ اگر سرحدیں محفوظ ہیں تو ایٹمی پاکستان کی وجہ سے ہیں مگر افسوس کہ جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا آج وہ جیل میں ہے،موجودہ حالات میں ہم نے اپنا کرداراداکیاہے اور تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں مگر پارلیمانی اجلاس میں عمران خان نے اپنی انا اپنی عزت سے آگے رکھی،پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم جنگ نہیں چاہتے ،جہاں نواز شریف اور واجپائی کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے تھے دونوں ملک وہیں سے شروع کریں۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں انجینئر امیر مقام ، طلال چوہدری اور سینیٹر آصف کرمانی نے نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کے سر فخر سے بلند کردیا ہے ، ہم اب بھی امن کی بات کرتے ہیں اگر بھارت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو وہ ہمارے ایکشن کے بارے میں بہتر جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج سرحدیں محفوظ ہیں تو ایٹمی پاکستان کی وجہ سے ہیں مگر افسوس کہ ملک کو ایٹمی طاقت اور پاکستان کو محفوظ بنایا بنانے والا نواز شریف جیل میں بند ہیں، سابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ،وہ قوم کے اصل رہنما ہیں ۔بھارتی جارحیت کا مقابلہ جن طیاروں سے کیا گیا وہ بھی نوازشریف کا قوم کو تحفہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت دشمن ملک ہے ،اس پر پوری قوم ایک پیج پر ہے۔

وزیراعظم کا امن کا پیغام اچھا ہے ،ہم پرامن ملک ہیں ،سرکار اپنے الیکشن کے لیے دو ملکوں کو جنگ میں جھونکنا قابل مذمت ہے، افواج پاکستان پوری قوم اور اسکورڈرن لیڈر کو مبارکباد دیتا ہوں۔حکومت نے اچھے فیصلے کیے اور وزیر اعظم نے امن کا پیغام دیا،تحفظات کے باوجود عمران خان کو وزیر اعظم کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی،حسن اور حسین نواز کا اپنا معاملہ ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔جنگ کے سفارتی اورعسکری دو حصے ہوتے ،اگر سفارتی جنگ نہ لڑی جائے تو ناکامی ہوتی ہے لہٰذا حکومت اسے کامیاب بنائے۔عسکری و سفارتی طورپر جنگ جیتنی ہے ،پیٹ سے پتھر باندھ کر گزارا کرسکتے ہیں لیکن سفارتی جنگ نہیں ہارنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سرحدیں محفوظ ہیں تو ایٹمی پاکستان کی وجہ سے ہیں ،ہم نے اپنا کرداراداکیاہے اور تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں مگر کل پارلیمانی میٹنگ میں عمران خان خود بیٹھتے لیکن انہوں نے اپنی انا اپنی عزت سے آگے رکھی،حکومت فوٹو شوٹ کروانے میں مصروف ہے۔

آصف کرمانی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں ،یہ واضح ہے کہ بھارت پاکستان کا دشمن نمبر ون ہے،عالمی برادری بھارتی جارحیت اور کشمیر میں بربریت کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ،مودی خود بھارت اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ،مودی ایک جنونی شخص ہے ۔تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں ،قوم کا بچہ بچہ ملک کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے ۔

بھارت کو دہشت گردی کا جواب دے دیا امید ہے بھارت کا بخار اتر گیا ہو گا ،بھارت کی بھلائی اسی میں ہے کہ مذاکرات کی ٹیبل پر آئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے وزیر اعظم پاکستان نے امن کی بات کی ہے ،جہاں نواز شریف اور واجپائی کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے تھے دونوں ملک وہیں سے شروع کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات