کشمیریوں کو مزید مظالم کا نشانہ بنانے کیلئے این آئی اے کو استعمال کیا جارہاہے ،بھارت دانستہ حریت رہنمائوںکی نظربندی کو طول دے رہاہے ، حریت رہنمائوں کے بیان

جمعرات 14 مارچ 2019 18:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ بھارت کشمیری عوام کو مزید مظالم کا نشانہ بنانے کیلئے اپنے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے علاوہ لاکھوں فوجیوں جنہیں ایک بڑے تحقیقاتی نیٹ ورک کی سہولت حاصل ہے کو ایک جنگی حربے کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںاین آئی اے کی طرف سے میرواعظ محمد عمرفاروق اوردیگر حریت رہنمائوں کو طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ہر مخالف آواز کو دبانے کیلئے این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو استعمال کر رہاہے۔تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمدا شرف صحرائی نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی دانستہ طورپر غیر قانونی نظربندی کو طول دینا انصاف تک رسائی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر جموںوکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کی وجوہات منظر عام پر آگئی ہیں ۔ اس سلسلے میں قابض انتظامیہ کی طرف سے جاری ڈوزیئر میں کہاگیا ہے کہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے جموں وکشمیر کے بھارت سے نام نہاد الحاق کو کھلے عام چیلنج کرنے کے علاوہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کے قیام میں مرکزی کردار ادا کیااور اس میں لفظ مزاحمت شامل کر کے بھارت کو قابض اور نوآبادیاتی طاقت کے طور پر پیش کیا ۔

قابض انتظامیہ نے آج عالم دین اورجمعیت اہلحدیث کے نائب صدر مولوی مشتاق ویری پر کالا قانون’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘لاگو کرکے انہیں جموں کی جیل منتقل کردیا ۔جماعت اسلامی نے ایک بیان میںبھارتی پولیس کی طرف سے پارٹی کے ماہر قانون میر اسد اللہ کی گرفتاری شدید تشویش ظاہر کی ہے جس کا مقصد جماعت کو اسکے خلاف مقدمے میں عدالت سے رجوع کرنے سے روکنا ہے ۔

این آئی اے نے ضلع کشتواڑکے علاقوں ہلر اور ہنجلہ میں چھاپے کے دوران تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنمائوں الطاف احمد شاہ ، فاروق احمدڈار ،ایاز محمد اکبر اور راجہ معراج الدین کلوال نے ایک عدالت کو بتایاہے کہ این آئی اے انکی نظربندی کو طول دینے کیلئے تاخیری ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔

بھارتی فوجیوںنے جنوبی کشمیر کے علاقوں سری گفوارہ اور ترال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کیں۔واشنگٹن میں امریکہ میں مقیم سکھوں کے ایک وفد نے بھارتی سفارتخانے میں ایک یادداشت پیش کی ہے جس میں بھارتی حکومت پر پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی لانے پرزوردیاگیا ہے ۔ کیلی فورنیا میں قائم یونائیٹڈ سکھ مشن کے بینر تلے وفد نے رکن کاگرس گریگ پینس جو نائب امریکی صدر مائیک پینس کے بڑے بھائی ہیںسمیت بارہ کے قریب قانون سازوں سے ملاقات کی اور جنوبی ایشیاء میں قیام امن کیلئے امریکہ کو کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔