مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوجیوں نے بانڈی پورہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا

پرنسپل کے حراستی قتل کیخلاف مظاہرے

جمعرات 21 مارچ 2019 18:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو حاجن کے میر محلہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

فوجیوں نے حاجن کے وہاب پرے محلہ اور بانی یاری علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن کیے۔ قابض انتظامیہ نے ضلع بانڈی پورہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں۔ فوجیوںنے ضلع بارہمولہ کے علاقوں وارپوہ اور کلان تارا میں بھی تلاشی کی کاروائیاں شروع کر دی ہیں جو آخری اطلاعات تک جاری تھیں۔قبل ازیں وارپورہ میں ایک حملے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار اور ایک فوجی زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

سوپور قصبے میں ایک دستی بم کے دھماکے میں ایک افسر سمیت دو بھارتی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ بھارتی فورسز نے قصبے میں پر امن مظاہرین پر گولیاں ، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے چلائے جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ضلع ادھمپور کے علاقے بٹل بالیان میں بھارتی فوجی نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔

دریں اثنا تاجروں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سکول پرنسپل رضوان اسد کے بھارتی پولیس کے زیر حراست قتل کے خلاف سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں تاریخی جامع مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ شہید رضوان اسدکے اہلخانہ سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی اونتی پورہ میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں مقامی سکھ برادری کے افراد بھی شریک تھے۔ رضوان کے بہیمانہ قتل پر اونتی پورہ میں آج تیسرے روز بھی ہڑتال کی گئی۔

جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈاراور حریت رہنما محمداقبال میر غم زدہ خاندان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اونتی پورہ گئے۔ ادھر قابض انتظامیہ نے چار حریت کارکنوں سمیت نو افراد پر کالا قانون ’’ پبلک سیفٹی ایکٹ ‘‘ لاگو کر کے انہیں جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کر دیا ہے۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ شاخ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک پر کالا قانون’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کرنے اور کشمیری نظر بند وں کے ساتھ جیلوں اور تفتیشی مراکز میں روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے خلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

فرانس کے دارلحکومت پیرس میں قائم 112 ملکوں کی انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی184 تنظیموں کے اتحاد ’’انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس‘‘نے ایک مختصر رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے 1990سے مقبوضہ کشمیر میں ستر ہزار سے زائدشہریوں کو قتل،آٹھ ہزار سے زائد افراد کو جبر ی طور پر لاپتہ جبکہ ہزاروں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ رپورٹ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام واقعات کی تحقیقات کیلئے ایک کمیشن کے قیام پر بھی زور دیا گیا جس کی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی اپنی رپورٹ میں سفارش کر رکھی ہے۔