مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے،چوہدری احسن منظور

دفاع پاکستان کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے سے گریز نہیں کیا جائیگا، رہنماء (ن) لیگ آزاد کشمیر

ہفتہ 23 مارچ 2019 19:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے یوم پاکستان کے موقع پر نوازشریف زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، دلوں کی دھڑکن قائدپاکستان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایٹمی پاور بنا کر دنیا کے نقشے پر ناقابل تسخیر قوت کے طور پرسامنے لایا، دفاع پاکستان کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے سے گریز نہیں کیا جائیگا۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن ،یوتھ ونگ ، ایم ایس ایف این ، خواتین ونگ، لیبرونگ، لائرز ونگ، ٹریڈرز ونگ، فاروق حیدر لورز کے زیر اہتمام نوازشریف زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور، ممبر مرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر، سینئر نائب صدر حلقہ تین ندیم خالد پلہاجی، منتظم ریلی مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر شفیق انقلابی، ارم قریشی، راجہ زین محمود، میر شریف سمیت نوجوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوںنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، جنہوںنے پاکستان کو نہ صرف ایٹمی طاقت بنایا بلکہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے دن رات ایک کیئے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردوں اور دہشتگردی کی کمر توڑنے والے میاں محمد نوازشریف کو جیل میں رکھنا ناانصافی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور میاں محمد نوازشریف کو رہا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، میاں محمد نوازشریف کی صحت جیل میں دن بدن خراب ہو رہی ہے، جن کو فوری طور پر علاج کی سہولیات میسر کی جائیں۔ چوہدری احسن منظور نے یوم پاکستان کے موقع پر مزید کہا کہ دفاع پاکستان کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔

پاکستان کی سلامتی و بقاء کشمیریوں کو جان سے زیادہ عزیز ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارتی دراندازی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دے کر دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا ہے ۔کشمیری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے میں گریز نہیں کرینگے۔ انشاء اللہ مقبوضہ جموں کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور وہ دن دور نہیں جب ہم یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ سے سرینگر اور جموں میں بھی منائیں گے۔