مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی پولیس نے بار ہ سے زائد نوجوانوںکو گرفتار کرلیا

پولیس نے دو ماہ قبل پاکستان جانیوالے دو کشمیری نوجوانوںکو واپسی پر گرفتار کرلیا

پیر 25 مارچ 2019 12:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں سمیت بارہ سے زائد نوجوانوں کو جموںوکشمیر کے مختلف علاقوںسے گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسرس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسرنے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس نے بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے محمد یاسین ملک کی سربراہی میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی عائد کرنے کے دودن بعد بشیر احمد بویااور عبدالرشید مغلو سمیت چھ کے قریب رہنمائوںکو بارہمولہ ، گاندربل اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں چھاپوں کے دوران گرفتار کرلیا جبکہ دیگر رہنمائوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ گرفتارکئے گئے رہنمائوں کو پولیس کی طرف سے درج کئے گئے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جارہا ہے اور ان رہنمائوں کی سرگرمیوںکا پس منظر چیک کرنے کے بعد ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے یا انہیں طویل عرصے تک قید کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ حریت رہنمائوں اورکارکنوںکو پولیس اسٹیشنوں میں طلب کیاجارہا ہے تاہم ان میں سے بیشتر وہاں پیش نہیں ہورہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پولیس اہلکار پیر سے لبریشن فرنٹ کے دفاتر کو سربمہر کرنے کیلئے مجسٹریٹوںکی مدد کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں احکامات کے اجرا کے بعد املاک اور دفاتر ضبط کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ریگولیٹری احکامات کے ذریعے مجسٹریٹوں کو لبریشن فرنٹ کے دفاتر اور دیگر املاک سربمہر کرنے کا اختیا ر حاصل ہو گا۔ یاد رہے کہ بھارتی پولیس نے فروری کے آخری ہفتے میں بڑے پیمانے پر ایک کارروائی کے دوران جماعت اسلامی کے چار سو سے زائد رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیاتھا۔

بعدازاںجن میں سے بیشتر پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیاگیا تھا ۔ بھارتی وزارت داخلہ نے جماعت اسلامی پر گزشتہ ماہ پابندی عائد کر دی تھی ۔ ادھر بھارتی فوجیوںنے سرینگر بارہمولہ ہائی وے پر ناربل کے مقام پر ایک مسافر بس سے شاہد احمد بٹ، اشفاق احمد لون اور رئیس حرہ کو گرفتار جبکہ ایک انجینئر منظور احمد ایتو سمیت دو اور افراد پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموںکی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا ۔

بھارتی فوجیوںنے گزشتہ شب جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے علاقے ارہامہ میں ایک چھاپے کے دوران کم سے کم سات نوجوانوںکو گرفتار کرلیا ۔ نوجوانوں کی شناخت اسحق ایتو، معراج الدین میر ، ارشد لون ،شبیر قولے، گلام نبی میر ، عرفان ایتو اور فیاض احمد میت شامل ہیں۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے دوماہ قبل قانونی دستاویزات پر پاکستان جانیوالے دو کشمیری نوجوانوںکوگرفتار کرلیاہے ۔ ان نوجوانوںکو پاکستان سے واپسی پر ضلع کٹھوعہ میں لکھن پورہ میں ایک بس میں سفر کے دوران گرفتارکر کے جموں کے جوائنٹ انٹیرو گیشن سینٹر منتقل کردیاگیا ہے ۔