بھارت پابندیوں ، قتل عام و دیگر مظالم کے ذریعے کشمیریوںکو جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا ، لبریشن فرنٹ

نہتے کشمیریوںپر بھارتی مظالم میں بھارت نوازسیاست دان بھی برابر کے شریک ہیں، عبدالحمید بٹ

منگل 26 مارچ 2019 18:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی نگرانی میں ہونیوالے کوئی بھی ڈھونگ انتخابات کشمیریوںکے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے کیونکہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوںمیں بھارت و پاکستان پرمسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زوردیا ہے ۔

انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کے قتل عام ، جماعت اسلامی اور لبریشن فرنٹ پر پابندی اور حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی نظربندی اور دھونس دبائو سے کشمیری عوام کو اپنے حق خودارایت کے حصول کی جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیریوںپر بھارتی مظالم میں بھارت نوازسیاست دان بھی برابر کے شریک ہیں جن کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری ہے ۔

دریں اثنا بھارت کی طرف سے لبریشن فرنٹ پر عائد پابندی ، چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر قائدین کی گرفتاریوں اورچھاپوں کے خلاف دنیا بھر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے لیڈران و کارکنان کا احتجاجی سلسلہ جاری ہے۔گذشتہ روز فرانس کے دارلحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے لبریشن فرنٹ فرانس شاخ کے صدر ملک مشتاق پاشا کی سربراہی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیاگیس جس میں رکن سپریم کونسل مزمل احمد کے علاوہ لوگوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محمد یاسین ملک کی گرفتاری اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی ۔

لبریشن فرنٹ کا ایک تین رکنی وفد نے پروفیسر راجہ ظفر خان کی سربراہی میں کشمیرکے بارے میں برطانوی پارلیمنٹ میںکل جماعتی پارلیمانی گروپ کے اراکین سے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں صابر گل اورمحمد فیض شامل تھے۔انہوںنے گروپ کے اراکین کو بھارت کی طرف سے لبریشن فرنٹ پر پابندی عائد کرنے اوریاسین ملک کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ کیا اورانکی جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے پر زوردیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ اور شیڈو منسٹر افضل خان اور لارڈ قربان حسین کے علاوہ گروپ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کوٹلی ، راولاکوٹ پونچھ اورکراچی میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔