میراخواب ہے میرپورکوجدیدتر ین شہر بناؤں اورمیرپور سے بھمبرتک اس شہرکوانڈسٹریل زون میں بدل دوں،راجہ فاروق حیدر

موجودہ حکومت ملکی معیشت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صنعتکاروں،تاجروں اور سرمایہ کاروں کوہرممکن سہولیات ومراعات فراہم کرنے کے علاوہ صنعتکارفرینڈلی پالیسیاں بنارہی ہے،صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان تعلقات کومزید مضبوط کرئیگی،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا آزادکشمیر چیمبرآف کا مرس کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 مارچ 2019 18:54

میراخواب ہے میرپورکوجدیدتر ین شہر بناؤں اورمیرپور سے بھمبرتک اس شہرکوانڈسٹریل ..
میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2019ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ میراخواب ہے کہ میرپورکوجدیدتر ین شہر بناؤں اورمیرپور سے بھمبرتک اس شہرکوانڈسٹریل زون میں بدل دوں۔ اقتدارسنبھالنے کے بعد میری حکومت کی تحریک آزادی کشمیر، گڈگورننس،میرٹ کاقیام اور آزادکشمیرکی معیشت کودرست کرکے مثالی تعمیروترقی کرناترجیحات تھیں۔

اس مقصد کے لیے آزادکشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ،اوورسیز کشمیری بورڈ کاقیام عمل میں لایا، آزادکشمیرمیں ٹورازم پالیسی بنائی ہے۔میرپور میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا کوٹہ سسٹم ختم کر دیا۔میرپور آزاد کشمیر کے ماتھے کا جھومر ہے۔میرپور میں ہماری ٹیم صاف ستھری اور دیانتدار افراد پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت ملکی معیشت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صنعتکاروں،تاجروں اور سرمایہ کاروں کوہرممکن سہولیات ومراعات فراہم کرنے کے علاوہ صنعتکارفرینڈلی پالیسیاں بنارہی ہے۔

حکومت صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان تعلقات کومزید مضبوط کرئے گی۔بزنس کمیونٹی سے تجاویز لیکراگلے بجٹ اور 5 سالہ حکومتی ترقیاتی پروگرامز میں بھی مشاورت کریں گے۔ اولڈ انڈسٹریل اسٹیٹ میں میرج ہال والامعاملہ ضابطہ کے مطابق حل کریں گے۔ ایکسپوکی جگہ آزادجموں وکشمیر ایوان صنعت وتجارت کے حوالے کریں گے۔ آزادکشمیر کی مالیاتی پالیسی حکومت پاکستان بناتی ہے۔

اگرمالیاتی پالیسی درست ہوتومسائل کم ہوتے ہیں ورنہ خراب ہوجاتے ہیں۔ میرپورکوترقی یافتہ اور اندسٹریل سٹی بنائیں گے۔ حکومت ریاست کے ہرشہری کوسرکاری نوکریاں نہیں دے سکتی۔ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پرائیویٹ سیکٹرآگے آئے اور سرمایہ کاری کرئے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے آزادجموں وکشمیر چیمبرآف کا مرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے صدرآزادجموں وکشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز سہیل شجاع مجاہد نے صنعتکاروں کے جملہ مسائل ومعاملات پرتفصیلاً بریفنگ دی جبکہ تقریب میں وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمدسعید، کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمد طیب، ڈی آئی جی سردارگلفراز خان، ڈی جی ادارہ ترقیات چوہدری اعجاز رضا، ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید خان، پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئروائس پریذیڈنٹ چوہدری جاوید اقبال، سابق صدر چیمبرآف کامرس راجہ محمدجمیل خان، چوہدری صہیب سعید، ارشدمغل،ذوالفقار عباسی کے علاوہ ایوان صنعت وتجارت کے عہدیداران وممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں صنعتکاراورسرمایہ کارریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی کے خواب کوپورا کرئے گی اور صنعتی زون کے لیے سی پیک منصوبہ کے تحت بننے والی ٹرپل ایم سڑک اور سپیشل اکنامک زون کے قیام سمیت دیگرصنعتکاروں کے مسائل حکومت پاکستان کے نوٹس میں لائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ ہماری بہترحکمت عملی اورمالیاتی ڈسپلن کے باعث آج حکومت بغیراوڈی کے چل رہی ہے۔ ٹیکسز وصولی کے نظام کوبھی بہتربنارہے ہیں۔ 13 ویں آئینی ترمیم کے بعد آزادکشمیر حکومت کوبااختیار اور باوقار بنانے میں کسی کی شکست اورفتح نہیں ہے۔ ہم پاکستان کے وفادارہیں اور برابری کی بنیاد پراپناحق لیاہے۔ اب بھی کچھ سقم باقی ہیں وہ بھی دور کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ میرپورکے ماسٹرپلان پرعملدرآمد ہوتاتو یہ شہراسلام آباد جیساشہرہوتا۔ میرپور کی تباہی اوربربادی میں اہلیان میرپورخودذمہ دارہیں۔ میرپورکو پلاٹوں کی منڈی بنائے رکھاباہرسے آکرلوگوں نے پلاٹ الاٹ کروائے۔ میرپورکوجدیدشہربنانے کے لیے واٹرسپلائی اور سیوریج سسٹم کی بہتری،رٹھوعہ ہریام برج سمیت PMU کے منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے 30 دن کامحکموں کووقت دیاہے کہ وہ مکمل پلاننگ کریں تاکہ ان منصوبہ جات کی تکمیل کویقینی بنایاجاسکے۔

منگلاجھیل کے کناروں کوٹورازم کے فروغ اور منگلاجھیل میں سیاحوں کے لیے سپورٹس سرگرمیوں کوفروغ دیناچاہتے ہیں۔ پی سی ہوٹل کے التواء کامنصوبہ ہم نے دوبارہ شروع کروایاتاکہ اس شہرمیں بین الاقوامی نوعیت کی معاشی سرگرمیاں فروغ پاسکیں۔ وزیراعظم نے صدرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز سہیل شجاع مجاہد کو جملہ مسائل کے حل کی یقین دھانی کروائی۔

قبل ازیں صدرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز سہیل شجاع مجاہد نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کواولڈ اور نیوسٹی میں درپیش مسائل سے آگاہ کیااور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پانی،بجلی،روڈ انفراسٹرکچر سمیت دیگر مسائل کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایاکہ آزادکشمیر کے صنعتکارسالانہ 8 ارب کے محاصل دیتے ہیں اور اس وقت انڈسٹری اسٹیٹس میں6500 افراد کوروزگار کے مواقع فراہم ہورہے ہیں لیکن بزنس کمیونٹی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

اگرانڈسٹریل اسٹیٹس میں پانی،بجلی اور روڈانفراسٹرکچر نہیں ہوگاتو بیرون ممالک سے کیسے کوئی سرمایہ کارسرمایہ کاری کرئے گا۔ انھوں نے شہرمیں تجاوزات کے حوالے سے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پراہلیان میرپوراز خود اپنی تجاوزات ہٹارہے ہیں جس پرسینئرممبر بورڈ آف ریونیوفیاض علی عباسی سمیت پوری کمیٹی کو گولڈ میڈل دیناچاہیے جنھوں نے حکومت کاایک پیسہ تجاوزات ہٹانے پرخرچ نہیں ہونے دیا۔

انھوں نے کہاکہ اہلیان میرپور کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے۔ ہردورمیں تجاوزات کے نام پرکب تک ریوائزنگ ہوتی رہے گی۔انھوں نے وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی حکومت کے اقدامات اور جراتمندانہ فیصلہ جات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اب تک آپ کی حکومت اور وزراء میں کرپشن کاکوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا یہ بڑی کامیاب حکمت عملی ہے۔

انھوں نے صنعتکاروں کے لیے سوئی گیس، ڈڈیال انڈسٹریل اسٹیٹ کی جگہ قبضہ مافیا سے واگزاری، ایکسپو کے لیے مختص جگہ چیمبرآف کامرس کے حوالے کرنے، ٹیکسز کے نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے مختلف مسائل بیان کیے۔ وزیراعظم نے ڈڈیال انڈسٹری کی زمین کوواگزار کرنے اور اولڈ انڈسٹریل اسٹیٹ میں بیکری کی جگہ میرج ہال کے معاملہ کو حل کروانے اور ایکسپوکی جگہ چیمبرآف کامرس کے حوالے کرنے کی یقین دھانی کروائی۔