آڈیو لیکس ایک سنگین جرم ہے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے ،ناصر حسین ڈار

پرسنل معاملات کو باہر اچھالنا انتہائی غیر منا سب اقدام ہے یہ کوئی نیشنل سیکورٹی کونسل رسک نہیں تھا جو آسمان سر پر اٹھا لیا گیا ہے ایک ہفتے کے اندر سارے معاملات ختم ہو جائیں گے،وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر

منگل 14 مئی 2019 17:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2019ء) آزاد جموںوکشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس ایک سنگین جرم ہے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے ۔پرسنل معاملات کو باہر اچھالنا انتہائی غیر منا سب اقدام ہے یہ کوئی نیشنل سیکورٹی کونسل رسک نہیں تھا جو آسمان سر پر اٹھا لیا گیا ہے ایک ہفتے کے اندر سارے معاملات ختم ہو جائیں گے۔

نواز شریف ہمارے قائد کشمیریوں کے ساتھ ان کی محبت وابستگی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔محکمہ ٹرانسپورٹ میں اصلاحات شروع کر دیں 82ملین کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں ۔آزادکشمیر بھر کی ٹرانسپورٹ کا ڈیٹااگٹھا کر رہے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت کو ریونیو فراہم کرنے والا واحد محکمہ ہے جو اپنے اہداف سے زیا دہ ریونیو دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں ٹیکنیکل سٹاف کی شدید کمی ہے جس کو دور کرنے کے لیے محکمہ مالیات کو تحریک کر دی ہے امید ہے اس بجٹ میں مل جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا سیاحت کے ساتھ بڑا اہم تعلق ہوتا ہے ڈرائیور حضرات کی اخلاقی تربیت کی بھی ضرورت ہے ۔کشمیر جنت نظیر ہے قدرتی حسن سے مالا مال یہ خطہ سیاحت کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے سیاحوں کی دلچسپی کے لیے تمام پوائنٹس کو مرحلہ وار کھولا جائے کشمیر سوئیزر لینڈ سے بھی خوبصورت ہے ۔

سیاحت کے مواقع مہیا کر نا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی ترقی ہوئی ہے وہ میاں نواز شریف کے دور میں ہوئی ہے شریف برادران ایک ویژن ایک سوچ کا نام ہیں پنجاب یں 28ارب سے میٹرو بن گئی مگر تنقید کرنے والے پشاور میٹرو 100ارب میں بھی نہ بنا سکے۔لوگ آج 20روپے میں پورا اسلام آباد پنڈی گھوم آتے ہیں ۔مظفرآباد میں نئی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا تجربہ درست رہا مزید کمی کو بھی دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عہدے اقتدار سب اللہ کی امانت اور دین ہیں شاہد اللہ پاک جس بندے کا پسند کرتا ہے اسی سے کوئی نہ کوئی کام لیتا ہے کبھی بھی عہدے خواہش نہیں رہے جو اللہ کی طرف سے مل گیا قبول کر لیا۔خواہش ہے کہ کچھ ایسا کر جائوں کہ لوگ دعائیں دیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف ماضی میں خاص توجہ نہیں دی گئی اب ہم نے سارا نظام کمپیوٹرائز کر دیا ہے ڈیٹا اگھٹا کر رہے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے وسیع ترمفاد میں بعض جگہوں پر رولز میں ترمیم کی ضرورت ہے ۔اس محکمہ کو باقی محکمہ جات کے لیے مثالی اور قابل تقلید بنائیں گے۔