Live Updates

پیپلز پارٹی رہنما قمر الزمان کائرہ کے بیٹے اُسامہ کائرہ کی نماز جنازہ ادا

پیپلز پارٹی کے چئیرمین ، شریک چئیرمین سمیت سیاسی رہنماؤں کی شرکت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 مئی 2019 15:15

پیپلز پارٹی رہنما قمر الزمان کائرہ کے بیٹے اُسامہ کائرہ کی نماز جنازہ ..
لالہ موسٰی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کے صاحبزادے اُسامہ کائرہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اُسامہ کائرہ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ہی ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چئیرمین آصف علی زرداری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن، وفاقی وزیر غلام سرور خان، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، عثمان ڈار، ندیم افصل چن، لطیف کھوسہ سمیت پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سینئیر سیاستدانوں نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اوران کے دوست لالہ موسیٰ کے قریب گاڑی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

اسامہ قمر اپنے دوستوں کے ہمراہ لاہور سے لالہ موسی آ رہے تھےکہ تیزرفتاری کے باعث گاڑی درخت سے جا ٹکرائی، ان کا ایک دوست حمزہ بٹ بھی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اس ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما قمر الزمان کائرہ کے جواں سالہ بیٹے کی ہلاکت پر صدمے سے دوچار والدین کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمرالزمان کائرہ کے بیٹے کے اندوہناک حادثے کے بعد ایک دن کے لیے پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان بھی کیا ۔ جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اسامہ کائرہ کی حادثہ میں وفات پر دلی افسوس ہوا۔ اس کے علاوہ بھی پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور قمر الزمان کائرہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات