ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،محمد حسین محنتی

غریب کو ریلیف دینے کی دعویدار پی ٹی آئی کی حکومت کے ظالمانہ اقدامات نے غریب آدمی کا جینا مشکل بنادیا ہے ، امیر جماعت اسلامی سندھ

منگل 21 مئی 2019 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا،عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے اور غریب کو ریلیف دینے کی دعویدار پی ٹی آئی کی حکومت کے ظالمانہ اقدامات نے غریب آدمی کا جینا مشکل بنادیا ہے،قرآن وسنت کا نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

جماعت اسلامی کی دیانتدار ومخلص قیادت ہی ملک کو بحران اور قوم کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے،سابق میئر عبدالستار افغانی،نعمت اللہ خان سے لیکر سابق سینئر وزیر کے پی کے سینیٹر سراج الحق کا کردار اور کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امیرحافظ نصراللہ عزیزاور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ڈالر 153روپے ہوجانے کی وجہ سے نہ صرف مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا بلکہ بیرونی قرضہ بھی 9سور ارب روپے بڑھ جائے گا،موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں اور کھوکھلے دعووں کی وجہ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،یہی وجہ ہے کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت دس ماہ کے تھوڑے عرصے میں ہی غیر مقبول اور عوامی اعتماد کھوچکی ہے،ایک طرف ریاست مدینہ کی بات کی جاتی ہے تو دوسری طرف سودی معیشت ،قادیانی نوازی سے لیکر اسلامی اقدار کو مسخ کرنے کی پالیسیوں نے ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

اس کے باوجود جماعت اسلامی موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کے حق میں ہے،اپوزیشن کو تحریک چلائے بغیرحکومت خود ہی اپنے عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے غیر مقبول ہورہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، احتساب کو انتقام کاتاثر ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پانامہ لیکس میں شامل435افراد کیخلاف بلاتفریق کاروائی کرکے قانون کی پکڑ میں لایا جائے۔

اسلام آباد میں افطار پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک جمہوریت کا حسن ہے،تاہم جماعت اسلامی دیگرپارٹیوں کی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپنے منشور و پروگرام کے مطابق عید کے بعد مہنگائی کیخلاف ،ملک کو مالیاتی اداروں کی غلامی سے نجات کیلئے عوامی احتجاج کو منظم کیا جائے گا۔حکومت کے ہر اچھے کام کی تحسین اور غلط کاموں کو روکیں گے۔

سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی اعتماد پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے، بلدیاتی اداروں سے لیکر صحت، تعلیم کی صورتحال ابتر جبکہ عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں۔این آئی سی وی ڈی کی طرح باقی اداروں میں بھی ڈاکٹر ندیم قمر جیسے باصلاحیت وباکردار افراد کو آگے لاکر سندھ کے اداروں میں بہتری اور کرپشن ونااہلی کا خاتمہ کیا جائے۔اربوں روپے جمع شدہ تیل وگیس کی رائلٹی کرپشن کی نظر کرنے کی بجائے مذکورہ اضلاع کے انفرااسٹرکچر اور عوام کے فلاح بہبود پر خرچ کی جائے اور ان کمپنیوں میں مقامی لوگوں کو ملازمتیں دیکر احساس محرومی کو ختم کیا جائے۔#