اسلام آباد میں برہان وانی کے یوم شہادت پر واک کا اہتمام،

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور حریت رہنمائوں کا شرکاء سے خطاب

پیر 8 جولائی 2019 14:30

اسلام آباد میں برہان وانی کے یوم شہادت پر واک کا اہتمام،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ نے ممتاز نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی تیسری برسی کے موقع پر تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں چائنا چوک سے ڈی چوک تک ایک واک کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزادجموںو کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور حریت رہنمائوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہید برہان وانی اور جملہ کشمیری شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید نے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیاہے۔ مقررین نے اس موقع پر شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔مقررین نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ایوانیوں میں مذید موثر طورپراجاگر کرنے کیلئے سفارتی سطح پر اپنی سرگرمیوںمیں تیزی لائے۔ انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا منصبی کردارادا کرے۔

مقررین نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جبری طورپر قبضہ کرکے پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے جنوبی ایشیامیں پائیدار امن و سلامتی کاقیام شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر شرکاء نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے رتھے جن پر ’’گو انڈیا گو بیک،حق ہمارا آزادی اورجیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ واک کے شرکاء سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے علاوہ محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی ، سید یوسف نسیم،طاہر مسعود، محمد اعجاز رحمانی، عبدالحمید لون، منظور احمد شاہ، مشتاق احمد بٹ، زاہد احمد صوفی، زاہد اندرابی، منظور الحق بٹ، محمد شفیع ڈار،ڈاکٹر محمد خان، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت اور خطاب کیا۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے برہا ن مظفر وانی کو 8جولائی 2016ء کوضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ میں دو ساتھیوںکے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیاتھا۔